۔4مار چ کو ہونے والا دھرنا تاریخی ثابت ہوگا،کاشف شیخ

149

سکھر( نمائندہ جسارت)قیم جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ مہنگائی بیروزگاری ، ملکی معیشت کی زبوں حالی اورسودی نظام کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی قیادت میں4مار چ کو سکھر میں ہونے والا دھرنا تاریخی ثابت ہوگا،عوام دھرنے میں شرکت کر کے نااہل حکومت کی ناقص وکمزور پالیسیوں کے باعث بڑھنے والی مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف بھر پور طور پر سراپا احتجاج بن جائیںگے۔ ضلع کے امرا ئے مقام کے اجلاس میں انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں جماعت اسلامی کی جانب سے 101 دھرنے دیے جائیں گے ، جماعت اسلامی حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں 12 اضلاع میں بھر پور دھرنے دیے جائیں گے جو ملک کے معاشی سقوط ،اسٹیٹ بینک کی خود مختار ی کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھنے ، آئی ایم ایف کی ایماء پر بڑھتی مہنگائی،بیروزگاری، سودی معیشت کے خلاف بھرپور احتجاج ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں 20 فروری کو حیدرآباد، بدین، جیکب آباد،27 فروری میر پور خاص مٹیاری ، 4 مارچ کو سکھر، 6 مارچ کو گھوٹکی، ٹنڈو آلہ یار،13 مارچ کو لاڑکانہ، کشمور، 20 مارچ کو نوابشاہ، ٹھٹھہ، شکارپور میں دھرنے دیے جائیں گے ۔