علاج کی بہترین سہولیات فراہم کر رہے ہیں،ڈی جی ہیلتھ سروسز

181

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز سندھ نے کچھ اخبارات میں امراض جلد اور ویکٹر بون ڈزیز کے متعلق شایع ہونے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خبریں غلط اور بے بنیاد ہیں ۔ انہوں نے اپنے جاری کردہ وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ محکمہ صحت سندھ عوام کو علاج و معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کر رہا ہے اور مختلف وبائی امراض ملیریا ، ڈینگی اور امراض جلد پر قابو پانے کے لیے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو صوبے کے تمام سرکاری اسپتالوں میں موجود ہیں اور ان امراض کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے تمام مطلوبہ اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ شایع ہونے والی خبروں میں جیسا بتایا جا رہا ہے ویسا کچھ نہیں ہے جبکہ محکمے کی جانب سے صورتحال پر کڑی نظر اور وہ ضابطے میں ہیں ۔ دادو ضلع کے کچھ حصوں میں امراض جلد کے مریضوں کے متعلق معلوم ہوا تو فوراًصورتحال کا جائزہ لیا گیا اور صورتحال سے نمٹنے کے لیے موثر حکمت عملی بنائی گئی جس کے باعث یکم جنوری سے 7 فروری تک صرف 2220مریض امراض جلد کے پازیٹو آئے ہیں جلد اس مرض سے چھٹکارا دلایا جائے گا تاہم لوگوں میں بے چینی پھیلانے کے عنصر کو رد کیا جاتا ہے اور میڈیا سے گزارش کی جاتی ہے کہ وہ کسی بھی خبر کو بریک کرنے سے قبل اس کی تصدیق کریں تو عوام کااداروں پر اعتماد بحال رہے گا۔