جماعت اسلامی کے تحت یو م عز م و تشکرپر ورکرز کنونشن کی جھلکیاں

310

کراچی (نمائندہ جسارت)دھرنے کی کامیابی اور سندھ حکومت سے معاہدے کے حوالے سے جماعت اسلامی کے تحت یوم تشکر و یوم عزم منایا گیا،نیو ایم اے جناح روڈ پر عظیم الشان ورکرز کنونشن کا انعقاد،ورکرز کنونشن میں شہر بھر سے کارکنوں کی ہزاروں کی تعداد میں شرکت، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد میں شرکت، شرکا کا زبردست جوش وخروش ، شرکا نے تیز ہو تیز ہو جدوجہد تیز ہو، اب کے برس ہم اہل کراچی اپنا پورا حق لیں گے سمیت دیگر نعرے لگائے ۔ورکرز کنونشن کے لیے نیو ایم اے جناح روڈ پر پیپلز چورنگی کے قریب ایک بڑا اسٹیج تیار کیا گیا تھا۔شرکا کے لیے پیپلزچورنگی سے داود کالج تک نشستوں کا اہتمام اور بڑے پیمانے پر لائٹنگ اور ساونڈ سسٹم نصب کیا گیاتھا۔شرکا نے قومی پرچم اور جماعت اسلامی کے جھنڈوں کے علاوہ حقوق کراچی تحریک کے مطالبات پر مبنی پلے کارڈ بھی اٹھائے ہوئے تھے۔کنونشن سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ٹیلی فونک خطاب کیا جبکہ امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، نائب امرا مسلم پرویز،ڈاکٹر اسامہ رضی، رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید و دیگرنے بھی خطاب کیا۔شکریہ جماعت اسلامی شکریہ ظلم کے خلاف سب کو کھڑا کردیا کے ترانے کے ساتھ نیو ایم اے جناح روڈ پر موجود ہزاروں شرکا اور حافظ نعیم الرحمن سمیت تمام قائدین نے اسٹیج سے ہاتھ ہلا کر موبائیل کی ٹارچ جلاکر اظہار یکجہتی کیا۔مذاکراتی ٹیم کے رکن سیف الدین ایڈووکیٹ نے معاہدے کے اہم نکات پیش رفت اور کامیابی کے حوالے سے تفصیلات پیش کیں۔کنونشن کے دوران ڈاکٹر اسامہ رضی نے بھی وقتا فوقتا نعرے لگائے اور شرکا نے پرجوش انداز میں جواب دیا۔اسٹیج پر ایک بہت بڑا بینرز لگایا گیا تھا جس پر سبحان اللہ وبحمدہ سبحان اللہ العظیم اور کراچی دھرنا،تاریخی جدوجہد، زبردست پیش رفت تیز ہو تیز ہو جدوجہد تیز ہو تحریر تھا۔آل پاکستان اسمال ٹریڈرز کراچی کے صدر محمود حامد اور عثمان شریف نے دھرنا فنڈ میں ڈھائی لاکھ روپے دھرنا فنڈ دیا۔