اسلامی جمعیت طلبہ کاطلبہ یونین بحالی کے مجوزہ بل کا خیر مقدم

162

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) اسلامی جمعیت طلبہ سندھ میں طلبہ یونین کی بحالی کے متعلق مجوزہ بل کا خیرمقدم کرتی ہے،چاہتے ہیں کہ سندھ حکومت پہلے طلبہ یونین بحال کرکے دوسرے صوبوں کے لیے مثال بنے،سندھ کے طلبہ اب بل پر عمل درآمد اور تعلیمی اداروں میں عملی طور پر جمہوری روایات کو بحال دیکھنا چاہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار اسلامی جمعیت طلبہ سندھ کے ناظم فیضان بھٹی نے صوبائی مجلس شوریٰ کے سالانہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ناظم جمعیت سندھ فیضان بھٹی نے مزید کہا کہ جہاں ہم اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہیں وہیں ہم حکومت سندھ سے یہ مطالبہ بھی کرتے ہیں کہ رسمی اعلانات کے بجائے تمام اسٹیک ہولڈرزکی مشاورت کے ساتھ فی الفور یونین کے خدوخال، قوائدوضوابط اور شیڈول کا اعلان کرے۔9فروری 1984ءسے لے کر آج تک اسلامی جمعیت طلبہ نے ہرمحاظ پر طلبہ کی رہنمائی کی اور جو خلا طلبہ یونین پر پابندی لگانے سے معروض وجود میں آیا اس کی تلافی کے لیے ہر ممکن جدوجہد کی۔جمعیت تعلیمی اداروں میں مثبت سرگرمیوں اور یونین کی بحالی کے لیے ہمیشہ میدان میں سرگرم رہنے کے باعث طلبہ میں سب سے مقبول تنظیم کے طور پراداکردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی یونین کی عملی بحالی اور انتخابات کے پہلے ووٹ تک جمعیت اپنی جدوجہد کو جاری وساری رکھے گی۔