کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا فیصلہ

469

کراچی ( رپورٹ : محمد انور) حکومت سندھ نے کراچی میڈیکل اینڈ کالج ( کے ایم ڈی سی ) کو آئندہ ماہ یونیورسٹی کا درجہ دینے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے جو کراچی کے شہریوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہوگی۔یہ بات کے ایم ڈی سی کے پرنسپل ڈاکٹر سلطان مصطفی نے جمعہ کو ’’ جسارت ‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ کے ایم ڈی سی کو یونیورسٹی کا درجہ ملنے کے بعد حکومت نے اس کی ماہانہ مالی گرانٹ میں اضافے کا بھی یقین دلایا ہے جبکہ یونیورسٹی بننے کے بعد ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے بھی مالی گرانٹ ملنا شروع ہوجائے گی اور سندھ حکومت کی طرف سے بھی مالی امداد میں اضافہ ہوجائے گا۔انہوںنے بتایا کہ یونیورسٹی کا درجہ ملنے کے بعد کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کا نام کراچی میٹروپولیٹن میڈیکل یونیورسٹی ( کے ایم ایم یو ) ہوجائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کے ایم ڈی سی کو یونیورسٹی کا درجہ دلانے کے لیے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کی ذاتی کوششیں نمایاں ہیں جنہوں نے یہ بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ سندھ کابینہ کے آئندہ ماہ ہونے والے اجلاس میں کے ایم ڈی سی کو یونیورسٹی بنانے کا حتمی فیصلہ کرلیا جائے گا، اس مقصد کے لیے اجلاس کے ایجنڈے میں کے ایم ڈی سی کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا معاملہ رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کے ایم ایم یونیورسٹی بننے کے بعد اس کے چانسلر وزیر اعلیٰ سندھ ہوںگے جب کہ پرو وائس چانسلر ایڈمنسٹریٹر کراچی یا منتخب میئر کراچی ہوںگے۔ انہوںنے کہا کہ یہ بات بھی طے کرلی گئی ہے کہ مجوزہ یونیورسٹی میں 90 فیصد عملہ کراچی کا ہوگا ،صرف10 فیصد اسٹاف کراچی سے باہر کا ہوگا۔