عوام کی غربت دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے‘ممتاز سہتو

316

حیدرآباد(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر ممتاز حسین سہتو نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام کی غربت دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے، سندھ حکومت لوگوں کو کچی شراب پلاکر مارتو سکتی ہے مگر ان کے لیے صاف پانی فراہم نہیں کرسکتی ۔جماعت اسلامی حیدرآباد الخدمت فائونڈیشن میں بڑی خدمات سرانجام دی ہیں، حکومتی اور پرائیویٹ اسپتالوںمیں میٹھے پانی کی فراہمی کے لیے صاف پانی کے فلٹر پلانٹ لگائے ہیں، یتیم بچوں کی پرورش اور کورونا کے وباکے دوران بھی بڑا اہم رول ادا کیا ہے، کئی گائوں میں ہینڈ پمپ بھی لگائے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لطیف آباد میں الخدمت فائونڈیشن کی جانب سے واٹرفلٹرپلانٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ ممتاز سہتو نے مزید کہا کہ آج بھی سندھ کے کئی علاقے صاف پانی جیسی قدرتی نعمت سے محروم ہیں، یہ حکمران اپنے مفادات، بنگلے، محلات اور بینک بیلنس بنانے میں مصروف ہیں، ان کے محلات کے مقابلے میں عوام کی غربت دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے، انسانیت کے درمیان امتیازی سلوک ظالمانہ اور کرپٹ نظام کا نتیجہ ہے جس کے خلاف جماعت اسلامی روز اول سے جدوجہد کررہی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ہر شہری کوبنیادی حقوق فراہم ہوں۔ الخدمت کی خدمات کراچی تا کشمور قابل تعریف ہیں۔