کراچی میں طوفانی ہوائیں چلنے سے بچے سمیت 5 افراد جاں بحق،متعدد زخمی

392

کراچی (اسٹاف رپورٹر )کراچی میں گرد آلود طوفانی ہوائیں چلنے سے مختلف حادثات اورواقعات کے نتیجے میں کمسن بچے سمیت 4افراد جاں بحق اور خواتین سمیت متعدد زخمی ہوگئے۔طوفانی ہواؤں نے راہ چلتی متعدد موٹر سائیکلوں کو بھی اپنی لپٹ میں لے لیا،موٹرسائیکلیں پھسلنے سے بھیکئی سوار زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق گلبائی پل کے قریب زیر تعمیر عمارت کی دیوار گر نے سے ایک مزدور جاںبحق ہوگیا،جسے اسپتال منتقل کیا گیا،متوفی کی شناخت 55سالہ فقیر حسین ولد منظور حسین کے نام سے ہوئی۔پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی ۔ تیموریہ تھانے کی حدود نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی بلاک ایل میں لائبریری کی دیوار گر نے سے ایک شخص جاںبحق ہوگیا،جسے اسپتال منتقل کیا گیا،متوفی کی شناخت 50سالہ رتن حسن ولدباغا کے نام سے ہوئی۔ادھر سرجانی کے علاقے گلشن کنیز فاطمہ سوسائٹی کے قریب گھر کی دیوار گرنے سے 7سالہ عبد الرحمن ولد محبوب علی جاں بحق ہوگیا۔گلشن معمار تھانے کی حدود انور مری گوٹھ کچی آباد ی اسڑیٹ نمبر14میں دیوار گرنے سے 50سالہ رحمت اللہ ولد پر دوم ولی نامی شخص جاںبحق ہوگیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ تیز ہوا سے موچکو کے علاقے بلدیہ اسپارکو روڈ کاکڑ ہوٹل کے قریب گھر کی چھت گر نے سے 2 خواتین سمیت 3افراد زخمی ہوگئے،اسپتال میں زخمیوں کی شناخت 50سالہ عظمیٰ زوجہ عبد الرؤف،22سالہ،حور بانو زوجہ عبد الخالق کے نام سے ہوئی ہے جبکہ مرد کی شناخت نہیں ہوسکی۔دوسری جانب تین ہٹی پر تیز ہوا سے درخت گرگیا جس کے باعث 2 رکشے اور چائے خانے کونقصان پہنچا۔ گلشن اقبال میں تیز ہواؤں سے گھر کی چھتیں اڑگئیں جبکہ تیرہ ڈی میں درخت جڑ سے اکھڑگیا،پاپوش نگر میں واقع سرکاری اسکول کی دیواریں بھی گر گئیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیکنڈری اسکول کی عمارت پہلے ہی خستہ حال تھی جس کی کئی بار شکایت کی تھی مگر محکمہ تعلیم نے توجہ نہیں دی۔علاوہ ازیں تیز ہواؤں سے جماعت اسلامی کے دھرنے کے ٹینٹ، قناتیں، بینرز، لائٹس بھی گرگئیں جبکہ کے الیکٹرک کا ٹرانسمیشن نظام بھی متاثر ہوا، درخت تاروں پر گرنے اور کھمبے گرنے سے 200 سے زائد فیڈر ٹرپ کرگئے، بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہوگئی۔ مختلف حصوں میں رات گئے تک بجلی بحال نہ ہوسکی تھی۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ شہر میں تیز ہوائیں چلنے کا الرٹ بھی جاری کر دیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی بلوچستان اور مشرقی ایران میں ہوا کا زیادہ دباؤ موجود ہے،ہوا کے زیادہ دباؤ کے باعث شہر قائد میں 45 سے 54 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، وقفے وقفے سے ان ہواؤں کی رفتار 60 کلو میٹر بھی ہو رہی ہے۔محکمہ موسمیات نے یہ بھی بتایا کہ کراچی میں رات گئے تک تیز ہواوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔