ڈکٹیٹرکے دور کی طرح میئر کواختیارات نہیں دے سکتے، قائم علی شاہ

369

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ ڈکٹیٹر کے دور کی طرح اب میئر کو اختیارات نہیں مل سکتے، ہر پریشانی کا سبب وفاقی حکومت ہے۔ وہ پیسے بھی نہیں دیتی ، افسران کی پوسٹنگ اپنی مرضی سے کرتی ہے ، سندھ حکومت سے مشاورت بھی نہیں کی جاتی۔ وہ حیدرآبا دمیں رکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان کی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان ، پیپلزپارٹی کے رہنما عاجز دھامرا، زاہد بھرگڑی، سید فیاض شاہ اور دیگر بھی موجو دتھے۔ قائم علی شاہ نے کہاکہ 74 سال میں پاکستان پر ایسا خراب اور دشوار وقت کبھی نہیں آیا جو اب ہے، سلیکٹڈ وزیراعظم صرف کرسی کی طرف دیکھتے ہیں انہیں عوام کی کوئی فکر نہیں،عوام کی غربت ، بیروزگاری اور پریشانی سے ان کا کوئی تعلق نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے جمہوریت کیلیے جدوجہد کی ، ذوالفقا ر علی بھٹو نے ملک کو متفقہ آئین دیا، ہماری پارٹی کی جدوجہد ہر دو رمیں جاری رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اب پاکستان کے عوام پیپلزپارٹی کی طرف دیکھ رہے ہیں، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بھی ہمارے پرانے ساتھی موجود ہیں ، اب وقت آگیا ہے کہ اس سلیکٹڈ حکومت کیخلاف بھرپور جدوجہد کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ 27جنوری کو کراچی سے پنجاب تک لانگ مارچ کریں گے یہ لانگ مارچ کامیاب ہوگا اور اس کے نتائج بھی ملیں گے، اس سے پہلے بے نظیر بھٹو کے دور میں پیپلزپارٹی نے لانگ مارچ کیا تھا تو راستے میں حکومت کا معاملہ ڈھیر ہوگیا تھا۔