دشمن سے لڑنے کے لیے ہروقت تیار ہیں،کمانڈر نیوی

184

مٹیاری (نمائندہ جسارت)ہالا پرانا میں سول سوسائٹی کی جانب سے چیئرمین سول سوسائٹی سید گلفام شاہ کی میزبانی میں آئی ٹی کالج میں منعقدہ تقریب سے نیوی کمانڈر ظفر اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیوی ملک دشمن عناصر سے لڑنے کے لیے سردی یاگرمی کی پرواہ کیے بغیر پانی کے اندر بھی ہروقت تیار رہتی ہے۔ ملک پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ مستقبل کے معمار نوجوان نیوی میں شمولیت کرکے اپنا مستقبل بہتر کریں، انشاء اللہ مارچ یا اپریل میں بھرتیاں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا ملک پاکستان ہم سب کی جان اور مان ہے، انہوں نے مستقبل کے معماروں کو شدید محنت ولگن کرنے کی تلقین کی۔ اس موقع پر انہوں نے دریائے سندھ پرانا ہالا کا دورہ کیا، جہاں انہیں بتایا گیا کہ دریائے سندھ کے اس مقام پرپل بنانے کے لیے 1990 میں حکومت کی جانب سے فزیبلٹی رپورٹ بنائی گئی تھی اور مختلف سیاستدانوں نے صرف وعدے کیے، اس پر کمانڈر نیوی نے مذکورہ بات ائر مارشل تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی، مذکورہ کمانڈر کوسول سوسائٹی کی جانب سے دریائے سندھ پر پکنک پوائنٹ بنانے اور دیگر عوامی خدمات کو سراہا۔