عراقL: مزار کے احاطے میں فولڈنگ سیڑھی گرنے سے 6افراد جاں بحق، خاتون اور بچہ زخمی 

234

عراق: وسطی شہر لحِل کے قریب اہل تشیع کے ایک مزار پرفولڈنگ فولادی سیڑھی گرنے سے 6افراد لقمہ اجل بن گئے۔

جمعہ کو میڈیارپورٹس کے مطابق یہ حادثہ حضرت محمد کے خاندان سے تعلق رکھنے والے امام حمزہ کے مزار کے احاطے میں پیش آیا۔ان کی زیارت گاہ کے ایک عہدہ دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ تزئین وآرائش کے کام کے لیے استعمال ہونے والی فولڈنگ سیڑھی مزار کے اندر گرگئی جس کے نتیجے میں چھ افراد جان کی بازی ہارگئے۔ان کی عمریں 20 سے 35 سال کے درمیان تھیں۔

طبی اور سیکورٹی ذرائع نے مہلوکین کی تعداد کی تصدیق کی۔ان کے علاوہ ایک خاتون اورتین سالہ بچہ زخمی ہوئے۔ایک سیکورٹی ذریعے نام ظاہرنہ کرنے کی شرط پربتایا کہ واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے اور شبہ ہے کہ یہ حادثہ تزئین وآرائش کے ڈھانچے کی تنصیب کے ذمے دار افراد کی غفلت کا نتیجہ ہے۔

عراق میں نجی اور سرکاری دونوں شعبوں میں بدعنوانی کی بازپرس نہ ہونے اور درکار مالی وسائل مہیا نہ ہونے کی وجہ سے اکثرسرکاری عمارتوں اورعام لوگوں کے زیراستعمال بنیادی ڈھانچے میں ناقص سامان استعمال کیا جاتا ہے۔ایسے معاملات کی دیکھ بھال پرمامورعملہ بھی نااہل ہوتا ہے، اس کے علاوہ حفاظتی طریق کار کی خلاف ورزی کی جاتی ہے جس کی وجہ سے اس طرح کے حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔