نیول اکیڈمی میں 116ویں مڈ شپ مین اور24ویں شارٹ سروس کمیشننگ پریڈ کا انعقاد

367

پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں 116ویں مڈشپ مین اور 24ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی کمیشننگ پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ کمانڈر رائل بحرین نیول فورس ریئر ایڈمرل محمد یوسف العاصم نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پاسنگ آو¿ٹ پریڈ میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی بھی موجود تھے۔ کمیشننگ دستے میں 103 پاکستانی مڈ شپ مین، 02 بحرین ڈیفنس فورسز، 1 فلسطین اور 28 شارٹ سروس کمیشن کورس کے افسران شامل تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر رائل بحرین نیول فورس نے کمشن حاصل کرنے والے افسروں کو تربیت کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دی اور نئے کمیشن حاصل کرنے والے افسران کی آئندہ ذمہ داریوں اور پیش آنے والے چیلنجز پر زور دیتے ہوئے جدید جنگی پہلووں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے دوست ممالک کے مڈشپ مین کوبھی اپنے اپنے ممالک کی افواج میں کمیشن حاصل کرنے پر سراہا۔ مہمان خصوصی نے پاکستان نیول اکیڈمی میں گزارے گئے اپنے تربیت کے ایام پر اظہار مسرت کرتے ہوئے اپنے ملکوں کے دفاع کے مقدس فریضے کو ادا کرتے ہوئے پرعزم رہنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے نئے کمیشنڈ افسران پر زور دیا کہ وہ اپنی افواج کی شاندار روایت کو زندہ رکھنے اور اپنی قوم کا فخر بننے کے لیے اپنی پوری کوشش کریں۔بعد ازاں مہمان خصوصی نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔ لیفٹیننٹ معیز احمد کو ان کی مجموعی بہترین کارکردگی پر قائداعظم گولڈ میڈل دیا گیا۔ مڈشپ مین محمد اسامہ حسین بیگ نے اعزازی شمشیر حاصل کی جبکہ مڈشپ مین حذیفہ جاوید نیازی نے اکیڈمی ڈرک کا اعزاز حاصل کیا۔ ریاست فلسطین سے تعلق رکھنے والے آفیسر کیڈٹ عبداللہ ایچ ایم مقدسوی کو چیف آف دی نیول اسٹاف گولڈ میڈل سے نوازا گیا جبکہ کمانڈنٹ گولڈ میڈل شارٹ سروس سے آفیسر کیڈٹ سالار محمد نے حاصل کیا۔ اس موقع پر فاکسل اسکواڈرن نے پرافیشینسی بینر حاصل کیا۔قبل ازیں خطبہ استقبالیہ میں کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور سہیل احمد اعظمی نے نیول اکیڈمی میں پاکستانی اور دوست ممالک کے کیڈٹس کو دی جانے والی معیاری تعلیم پر روشنی ڈالی۔ کمیشننگ ٹرم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ مضبوط کردار کے حامل افسر بننے کے لیے وفاداری، غیرت اور جرات کے نظریات کو مضبوطی سے تھامے رکھیں۔پریڈ میں اعلیٰ سول، فوجی حکام اور کیڈٹس کے والدین نے شرکت کی۔