25دسمبر کو گورنر ہاؤس کراچی میں جشن قائداعظم منایا جائے گا، فوادچوہدری 

424

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ 25دسمبر کو گورنر ہاؤس کراچی میں جشن قائداعظم منایا جائے گا جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی شرکت کریں گے جس کے انتظامات صدر آرٹس کونسل کراچی محمد احمد شاہ کے حوالے کیے گئے ہیں م مارچ 2022کو آرٹس کونسل کراچی میں ہونے والی قومی ثقافتی کانفرنس میں وزیراعظم عمران خان شرکت کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں منعقد ہونے والی چودھویں عالمی اردو کانفرنس کے تیسرے روز دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ یہ خوش آئند بات ہے کہ آرٹس کونسل کراچی میں لکھنے والوں کا میلہ لگا ہوا ہے ہماری زبان دنیا کی چند بڑ ی زبانوں میں سے ایک ہے،اس کی ترقی اور ترویج کے لئے مزید اقدامات ہونے چاہیے، آرٹس کونسل کراچی مبارکباد کی مستحق ہے جو ثقافتی سرگرمیوں کو جاری رکھے ہوئے ہے۔عالمی اردو کانفرنس کی دنیا بھر میں دھوم ہے ، انہوں نے کہاکہ 25دسمبر کو قائداعظم کا یومِ پیدائش گورنر ہاس کراچی میں مشترکہ طور پر منایا جائے گا جس میں چاروں صوبوں کے وزیراعلی شرکت کریں گے اس کے تمام انتظامات آرٹس کونسل کراچی کے صدر محمد احمد شاہ کے حوالے کیے گئے ہیں،

انہوں نے کہاکہ 25 سال سے کم عمر نوجوانوں کی ذہن سازی کی ضرورت ہے، بچوں میں بہت شوق ہے ایسی کانفرنسوں میں نوجوانوں کو علم و ادب اور ثقافتی سرگرمیوں میں شرکت کا موقع ملتا ہے،بچوں کی تعلیم و فنون لطیفہ سے دلچسپی بڑھے گی اور اس سے خاصی تبدیلی آئے گی، انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کے لیے سہولتیں مہیا کرنے کی حکومت ہر ممکن کوشش کررہی ہے، اردو کانفرنس کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیراطلاعات نے داغ کا شعر پڑھا اور بعد میں کانفرنس کی وال پربھی لکھا۔

اردو ہے جس کا نام ہمیں جانتے ہیں داغ۔سارے جہاں میں دھوم ہماری زباں کی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہماری نوجوان نسل کو اردو شاعری، کہانیوں، افسانوں اور ادب سے شناس ہونا چاہیے اس سے وہ اپنی زبان ادب اور ثقافت سے واقف ہوسکیں گے، اس لحاظ سے آرٹس کونسل کراچی کا بڑا کام ہے، حکومت ان سرگرمیوں اور کانفرنسوں کی حمایت کرتی ہے اور ہم آرٹس کونسل سے بھی ہر ممکن تعاون کریں گے، اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے وفاقی وزیر کا اردو کانفرنس آمد پر شکریہ ادا کیا اور کہاکہ وفاقی وزیر اطلاعات نے فیصلہ کیا ہے کہ قائداعظم کا یوم پیدائش پوری قوم مشترکہ طور پر منانے کے لیے گورنر ہاس میں پروگرام کا انتظام آرٹس کونسل کی ذمہ داری قرار دیاگیا ہے ہم اس کو بہتر انداز میں انجام دینے کی کوشش کریں گے