امریکا کی جمہوریت پر سمٹ:پاکستان کا شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

88

اسلام آباد (مانیٹر نگ ڈ یسک )پاکستان نے امریکا کی جانب سے جمہوریت پر منعقد کی جانے والی سمٹ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈیموکریسی ورچوئل سمٹ آج 9 اور 10 دسمبر کو ہوگا، امریکا کی جانب سے سمٹ میں شرکت کے لیے چین اور روس کو دعوت نہیں دی گئی۔ ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کی طرف سے جاری کردہ بیان کے
مطابق ہم سمٹ برائے جمہوریت میں شرکت کے لیے پاکستان کو مدعو کرنے پر امریکا کے شکر گزار ہیں، پاکستان ایک بڑی فعال جمہوریت ہے جس میں ایک آزاد عدلیہ، متحرک سول سوسائٹی اور آزاد میڈیا ہے، ہم جمہوریت کو مزید مضبوط کرنے، بدعنوانی کے خاتمے اور تمام شہریوں کے انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ حالیہ برسوں میں پاکستان نے ان اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے وسیع پیمانے پر اصلاحات کا آغاز کیا ہے، ان اصلاحات کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں، ہم امریکا کے ساتھ اپنی شراکت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جسے ہم دو طرفہ اور علاقائی اور عالمی تعاون کے لحاظ سے بڑھانا چاہتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ ہم متعدد مسائل پر امریکا کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ ہم مستقبل میں مناسب وقت پر اس موضوع پر ہو سکتے ہیں، اس دوران پاکستان مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے بات چیت، تعمیری کردار اورعالمی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔