بدین پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر کارروائیاں

266

بدین (نمائندہ جسارت) بدین پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر کارروائیاں، 3 دیسی شراب کی بٹھیوں کو مسمار کرکہ 870 لیٹرز دیسی شراب اور متعدد گٹکے برآمد کر لیے گئے،رہزنی اور دیگر مقدمات میں انتہائی مطلوب 3 روپوش سمیت 8 ملزمان گرفتار ۔ تفصیلات کے مطابق بدین پولیس کی جانب سے ضلع بھر میں منشیات فروشوں اور روپوش و اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلیے ٹارگیٹڈ آپریشن جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ بدین انسپکٹر محمد انور لغاری نے انچارج پولیس پوسٹ سیرانی کے ہمراہ سیرانی کے قریب بدنام زمانہ منشیات فروش ملزم نامی شیر علی ملاح کی دیسی شراب کی بھٹی پر چھاپا مارکر 320 لیٹرز دیسی شراب برآمد کر لی جبکہ کارروائی کے دوران بھٹی مالک شیر علی ملاح کو گرفتار کرکے تھانہ بدین پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایس ایچ او تھانہ ڈیئی سب انسپکٹر بشیر احمد چانڈیو معہ اسٹاف نے خفیہ اطلاعات ملنے پر رتنو کولھی کی دیسی شراب کی بھٹی پر چھاپا مارکر 380 لیٹرز دیسی شراب برآمد کر لی ۔کارروائی کے دوران بھٹی مالک کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے دیگر مقامات پر کارروائیاں کر کے 2 مطلوب روپوش ملزمان لیاقت کھوسو اور ممتاز حسین کھوسو کو گرفتار کرلیا ہے۔ ایس ایچ او تھانہ کھوسکی سب انسپکٹر مولچند معہ اسٹاف نے دورانِ گشت کارروائی کر کے رہزنی کے مقدمے میں مطلوب روپوش ملزم یامین بھرگڑی کو گرفتار کرلیا ہے۔ ایس ایچ او تھانہ گلاب لغاری سب انسپکٹر عمران حفیظ گمبھیر معہ اسٹاف نے بشیر سموں کی دیسی شراب کی بھٹی پر چھاپا مارکر 170 لیٹرز دیسی شراب برآمد کر لی۔ کارروائی کے دوران بھٹی مالک بشیر سموں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ دوسری جانب ایس ایچ او تھانہ راجو خانانی سب انسپکٹر سراج احمد شیخ نے اسٹاف کے ہمراہ مختلف مقامات پر کارروائیاں کر کے 2 گٹکا فروش ملزمان محمد اسحاق سولنگی اور شفیع محمد سولنگی کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے 1340 مضر صحت گٹکے برآمد کر لیے گئے ہیں۔ پولیس نے دونوں گرفتار ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں۔