دھابیجی ،واٹربورڈ انتظامیہ کا ملازمین کے ساتھ مزدور دشمن رویہ

245

دھابیجی(نمائندہ جسارت)واٹربورڈ انتظامیہ کا آؤٹ اسٹیشن ملازمین کے ساتھ مزدور دشمن رویہ جاری، ادارے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے آؤٹ اسٹیشن دھابیجی تا چلیا کے محنت کشوں کو گزشتہ 25سالوں سے پروموشن نہیں دیے جاسکے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی شہر کو کینجھر جھیل سے پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلیے دن رات خدمات سرانجام دینے والے آؤٹ اسٹیشن دھابیجی تا چلیا واٹربورڈ کے ملازمین مینجمنٹ کی مزدور دشمن پالیسیوں کے سبب علاج معالجہ،جی پی فنڈاور پنشن سمیت دیگر تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔لیکن اس پر ستم ظریفی یہ کہ واٹربورڈ انتظامیہ نے ادارے میں اپنی من مانیاں قائم کرتے ہوئے آؤٹ اسٹیشن ملازمین کو گزشتہ 25سالوں سے ترقیوں سے بھی محروم رکھا ہوا ہے۔ 2012ء میں ایک طویل عرصے بعد ادارے میں ڈپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کے تحت ملازمین کو ترقیاں دی گئی تھی جس کے تحت DPC.1 میں گریڈ 16سے 22تک افسران کو جبکہ DPC.2 میں گریڈ ایک سے 15تک ملازمین کو پروموشن دیے گئے تھے جس میں پہلی بار آؤٹ اسٹیشن ملازمین کو بھی ترقیاں دی گئی تھی۔لیکن محض 3ماہ بعد ہی 2012ء میں واٹربورڈ انتظامیہ نے اس وقت کے چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کے احکامات کی نفی کرتے ہوئے ادارے میں 1994ء سے آؤٹ آف ٹرن پروموشن لینے والے افسران کو ریورڈ کرنے کے بجائے 2012 ء میں کی گئی ملازمین کی DPC.2 کینسل کر دی تھی۔جبکہ ساتھ کی جانے والی افسران کی DPC.1 کو بحال رکھتے ہوئے اپنی کرسیاں بچا لی تھی۔جس کے بعد سے واٹربورڈ میں مزید 2بار افسران DPC.1 کے تحت مزید ترقیاں لے چکے ہیں۔لیکن آؤٹ اسٹیشن ملازمین کو تاحال ترقیاں نہیں دی جاسکی ہیں۔جس کے خلاف واٹربورڈ کی مختلف یونینز نے بھی اس ایشو پر بھرپور سیاسی اسکورنگ کرتے ہوئے 2012ء سے DPC.2 کی بحالی کے نام پر واٹربورڈ آؤٹ اسٹیشن کے ملازمین کو لولی پوپ دیکر اپنی سیاست کا بازار گرم کر رکھا ہے۔مختلف واٹربورڈ یونینز کی جانب سے متعدد بار DPC.2 کی بحالی کے نام پر ملازمین کو کراچی ہیڈ آفس پر جمع کرکے احتجاج بھی کیے گئے ہیں لیکن 9سال گزرنے کے باوجود تاحال آؤٹ ملازمین کے پروموشن بحال نہیں کیے جا سکے ہیں۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مختلف یونینز کی جانب سے ملازمین کو پروموشن کی بحالی کے نام پر جمع کرکے انتظامیہ پر دباؤ بنانے کیلیے احتجاج کرائے جاتے ہیں اور بیک ڈور مینجمنٹ سے معاملات طے کرکے اپنے ذاتی مفادات حاصل کرتے ہیں۔واٹربورڈ ملازمین نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ ادارے میں 2012ء میں آؤٹ آف ٹرن پروموشن کے نام پر گریڈ ایک سے 15 تک ملازمین کے اسی سال ہونے والے پروموشن کو کینسل کرنے پر انتظامیہ کیخلاف نوٹس لے کر معاملے کی شفاف تحقیقات کرائی جائے۔