شہداد پور، اسلامی جمعیت طلبہ کے تحت میگا ایجوکیشنل ایکسپو

132

شہدادپور(نمائندہ جسارت) اسلامی جمعیت طلبہ کے تحت میگا ایجوکیشنل ایکسپو کا انعقادکیا گیا، ایکسپو میں ضلع سانگھڑ کے مختلف نجی و سرکار ی تعلیمی اداروں کے طلبہ نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ طلبہ و طالبات نے نعت،تقریر آرٹ اور سائنس اور دیگر مقابلوں میں حصہ لیا۔ ایکسپو کے مہمان خصوصی اسلامی جمعیت طلبہ کے مرکزی سیکرٹری شکیل احمد، ناظم جمعیت سندھ برادر فیضان بھٹی صدر پریس کلب شہدادپور ارشاد ظفر بخاری، امیر جماعت اسلامی شہدادپور آصف محمود قریشی تھے۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت کے سیکرٹری جنرل شکیل احمد نے کہا کہ جمعیت کی ملک گیر مہم “تعلیم سے تعمیر” بھرپور انداز سے رواں ہے۔ ملک بھر میں اس مہم کے ذریعے طلبہ کی صلاحیتوں کو پروان چڑھایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعیت نے اپنی مہم کے ذریعے تعلیمی مسائل کو اُجاگر کیا ہے۔موجودہ حکومت نے تعلیم کو غریب طلبہ کی پہنچ سے دور کردیا ہے۔ایک طرف تعلیمی بجٹ میں کٹوتی اور دوسری طرف جامعات کی فیسوں میں اضافے نے تعلیم کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ شکیل احمد کا مزید کہنا تھا کہ جمہوری اور آمریت حکومتوں نے طلبہ کو یونین سازی کے بنیادی حق سے محروم رکھا ہوا ہے۔ آج کا طلبہ کا میلا ایک بار پھر یونین کی بحالی کا پروز مطالبہ کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف عمران حکومت نے PM ہاوس کو یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کا وعدہ پورا نہیں کیا، جامعات کے بجٹ اور کٹوتی کی، دوسری طرف پیپلز پارٹی نے صوبے میں اسکولز ایجوکیشن کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کر دیا۔ یونین کی بحالی کے لیے پیپلز پارٹی اسمبلی میں پیش کردہ قرارد داد کی پاسداری کرے۔ ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے ناظم صوبہ فیضان بھٹی نے جمعیت شہدادپور کی ٹیم کی کاوش کو سراہا ۔