سندھ میں پھر لسانی تصادم کی سازش کی جا رہی ہے،علی پلھ

163

ٹنڈوالٰہیار (نمائندہ جسارت)پاکستان تحریک انصاف ضلعی صدر ایڈوکیٹ علی پلھ نے کہا ہے کہ سندھ میں ایک بار پھر لسانی تصادم کرانے کی سازش کی جارہی ہے، کراچی میں سندھ بار کونسل کے سیکرٹری ایڈوکیٹ عرفان علی مہر اور قمبر میں رانا سخاوت کے قتل اس سازش کی کڑی ہیں، جس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور سندھ حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے مقتولوں کے قتل میں ملوث ملزمان کو فی الفور گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچا کر ورثاء کو انصاف فراہم کیا جائے ۔ اپنے بیان میں ایڈوکیٹ علی پلھ نے مزید کہا کہ سندھ میں جلد تبدیلی آنے والی ہے وزیراعظم پاکستان عمران خان نے قومی خزانے کو لوٹنے والوں کو سزا دلانے کے لیے اقدامات کیے ہیں ،چوروں کا ٹولہ ایک بار پھر پی ٹی آئی کے خلاف سازش میں مصروف ہے، سازشی عناصروں کی سازشیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے،ملک کے عوام عمران خان کے ساتھ ہیں، آئندہ بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔ ایڈوکیٹ علی پلھ نے کہا کہ دھاندلی کے ذریعے انتخابات جیتنے والا ٹولہ شفاف انتخابات کی مخالفت کررہا ہے اور الیکٹرک مشین کے ذریعے انتخابی عمل کو صاف و شفاف بنانے کے خلاف عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے لیکن عوام دھوکے بازوں کو پہچان چکی ہے۔