جماعت اسلامی ،بلدیاتی ترمیمی بل کیخلاف یوم سیاہ ،حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں مظاہرے

185
 حیدرآباد:جماعت اسلامی کے تحت بلدیاتی ترمیمی بل کے خلاف ہیر آباد میں احتجاج کیا جارہاہے، عبدالوحید قریشی، حافظ طاہر مجید اور عقیل احمد خان سمیت دیگر بھی شریک ہیں

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی کی اپیل پر سندھ حکومت کی جانب سے اسمبلی سے منظور کرائے جانے والے متنازع بلدیاتی ترمیمی بل2021ء کیخلاف سندھ بھر طرح حیدرآباد میں بھی یوم سیاہ منایا گیا،جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کے تحت مسجد قباء ہیر آباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا احتجاجی مظاہرے سے صوبائی رہنما عبدالوحید قریشی ،
حافظ طاہر مجید ،ضلعی امیر عقیل احمد خان ، سردار زبیر خان سولنگی نے خطاب کیا ۔ اس موقع پر نائب امراء عبدالقیوم شیخ ، ڈاکٹر سیف الرحمن ، جنرل سیکرٹری ظہیر الدین شیخ سمیت امراء زونز و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ احتجاجی مظاہرے سے ڈپٹی جنرل سیکرٹری و سابق رکن اسمبلی عبدالوحید قریشی نے سندھ بلدیاتی قانون کو کالا قانون قرار دیتے ہوئے کہا کہ پورے سندھ کی شہری آبادیوں پر وڈیرہ شاہی آمریت نے شب خون مارا ہے، پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل میں پیدائش، ڈیتھ سرٹیفکیٹ،بنیادی صحت کے مراکز،بڑے اسپتال، ہیلتھ ڈسپینسری، فرسٹ اینڈ میڈیکل ایڈ،پرائمری تعلیم اور ویکسینیشن،بیسک ہیلتھ سینٹر کے اختیارات تک چھین لیے گئے ہیں، بلدیاتی اداروں کوبے اختیار بنانے کے بجائے ان کے اختیارات مزید بڑھائے جائیں،جماعت اسلامی اس شب خون کے خلاف جمہوری اور قانونی جدو جہدجاری رکھے گی۔ میونسپل اداروں یا مقامی حکومتوں کا ایک ایسا نظام وضع کیا جائے جس کے تحت صوبے کے تمام بڑے شہروں کی منتخب مقامی حکومتیں صرف نکاسی و فراہمی آب اور سڑکوں کی تعمیر کی ذمے دار ہی نہ ہوں بلکہ انہیں پولیس، اراضی کیی مینجمنٹ، ٹرانسپورٹ، تعلیم اور صحت میں بھی ایک مؤثر کردار سونپا جائے تاکہ عوام کے بنیادی مسائل ان کے دروازے پر حل ہوسکیں،عوام ان کرپٹ حکمرانوں سے نجات کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔ امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے کہا ہے کہ جمہوریت کی دعویدار حکومت جمہوریت کی قاتل ہے سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ غیر آئینی ہے ، صوبائی حکومت جس نے درجنوں شہری اداروں کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے کر ان کا بیڑہ غرق کر دیا ہے اور اب مزید داروں کو کنٹرول میں لینا چاہتی ہے،ان میں صحت، تعلیم اور بلدیات سے متعلق اہم محکمے شامل ہیں۔ بہت واضح ہے کہ حکومت سندھ کے عزائم عوام کی خدمت کے نہیں ہیں بلکہ عوام کے وسائل کو ٹھکانے لگانے کی منصوبہ بندی کی ہے،بلدیاتی ترمیمی بل فی الفور واپس لیا جائے ۔