تاجروں کے اتحاد کو سیاست کیلیے استعمال نہیں کرنے دینگے ، ہارون میمن

169

 

سکھر( نمائندہ جسارت) سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے بانی و قائد حاجی ہارون میمن نے کہا ہے کہ حقوق صرف باتوں سے نہیں بلکہ عملی جدوجہد سے حاصل ہوتے ہیں تاجروں کے اتحاد اور قوت کو سیاسی مقاصد کیلیے استعمال کرنے والے تاجروں کی نمائندگی کا حق ادا نہیں کرسکتے ۔ آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کی مقبولیت ہمیشہ رہی ہے کیونکہ ہم نے روز اول سے تاجروں اور صرف تاجروں کے حقوق کے ساتھ ساتھ سکھر شہر کی بہتری کیلیے بھی خدمات انجام دی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینارہ مارکیٹ ایسوسی ایشن کی آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز میں شمولیت کے موقع پر نومنتخب عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مینارہ مارکیٹ ایسوسی ایشن میں سابق صدر محمد اشفاق چانڈیو دوبارہ منتخب ہوئے جبکہ دیگر تمام عہدیدار نئے منتخب ہوکر آئے ہیں نئی نوجوان قیادت کا ذمے داریاں سنبھالنا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہمارے ساتھ پاکستان میں تاجروں کی تنظیموں کا سب سے بڑا اتحاد ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان میں تاجروں کی تنظیموں کا سب سے بڑا اتحاد ہے یہ سب آپ تاجر بھائیوں کے اتحاد کا مظہر ہے اور جس طرح سکھر کی تاجر برادری مجھ پر اعتماد کا اظہار کرتی رہی ہے آج بھی کررہی ہے میں تمام تاجر نتظیمات کا مشکور و ممنون ہوں تاجروں کے متحد رہنے میں ہی ہم سب کی بھلائی ہے سکھر کے تاجروں نے ہمیشہ ملکی سطح پر تاجروں کے حقوق کی ہر جدوجہد میں بھرپور حصہ لیا ہے پورے پاکستان میں تاجروں کے سکھر کے اتحاد کی مثالیں دی جاتی ہیں یہ ہمارے لیے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے انہوں نے مینارہ مارکیٹ ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی اور پھولوں کے ہار پہنائے۔ اس موقع پر مینارہ مارکیٹ ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران چیئرمین راجا ندیم اقبال، سینئر نائب صدر عابد راجہ، نائب صدر نصیر الدین شیخ، جنرل سیکرٹری شہریار راجپوت، جوائنٹ سیکرٹری محمد یعقوب ، فنانس سیکرٹری عبدالغفور ملک، اسسٹنٹ فنانس سیکرٹری دانش آرائیں، لیگل ایڈوائزر دانش آرائیں ، کو آرڈنیٹر رضوان شیردانی، انفارمیشن سیکرٹری عثمان ملک اور دیگر ممبران تاجر اور دکاندار بھی موجود تھے۔