میونسپل ایمپلائز کی اپیل پرورکرز کی کام چھوڑ ہڑتال

255

ٹنڈومحمدخان(نمائندہ جسارت)میونسپل ایمپلائز یونین کی اپیل پر میونسپل ورکرز نے صفائی ستھرائی کے کاموں کا بائیکاٹ کردیا ، آفس کی تالا بندی ، کام چھوڑ ہڑتال ، میونسپل ورکرز کا احتجاجی مظاہرہ ، میونسپل آفس کے سامنے بھوک ہڑتال ، مطالبات کی منظور تک احتجاج جاری رہے گا، سکندر بھٹی۔تفصیلات کے مطابق میو نسپل ایمپلائرز یونین ٹنڈومحمدخان کی اپیل پر ٹنڈو محمد خان میونسپل کمیٹی کے ملازمین نے آفس کی تالا بندی کردی ، جبکہ میونسپل کے عملے نے شہر بھر کی صفائی ستھرائی کے کاموں کا بائیکاٹ کردیا ، جس کے باعث شہر گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا ، میونسپل ایمپلائز یونین کی جانب سے پیر بخش خاصخیلی ، سکندر بھٹی ، صالح بھٹی ودیگر کی قیادت میں میونسپل کمیٹی آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے بھوک ہڑتال کی گئی ، جس میں سیکڑوں میونسپل ملازمین نے شرکت کی۔اس موقع پر مظاہرین نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ بھر میں میونسپل ملازمین کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے میونسپل ملازمین کے مسائل حل نہیں کیے جارہے ہیں جو کہ ملازمین کے ساتھ نالصافی ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ میو نسپل ملازمین کی تنخواہ ٹریژری سے جاری کی جائے بصور ت دیگر ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔دوسری جانب میونسپل عملے نے شہر بھر میں صفائی ستھرائی کے کاموں کا بائیکاٹ کردیا ، جس کے باعث شہر کے مختلف علاقے گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئے۔