عدالتی حکم پر سرکاری اراضی فوری واگزار کرائی جائے ، عباس بلوچ

166

 

 

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے کہا ہے کہ معزز اعلیٰ عدلیہ کے احکامات کی روشنی میں حیدرآباد ڈویژن کے تمام اضلاع سے سرکاری اراضی اور رفاہی پلاٹوں سے تجاوزات اور قبضہ ختم کروایا جائے گا اور ملوث لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر شہباز بلڈنگ حیدرآباد میں انسداد تجاوزات مہم کی پیشرفت کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ انسداد تجاوزات مہم مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ کی جائے اور اس ضمن میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران کے ساتھ رابطے میں رہیں جبکہ مہم کی پیشرفت رپورٹ ہر ہفتے جمع کروائی جائے۔انہوں نے کہا کہ اس انسداد تجاوزات مہم میں سیکورٹی سمیت جن چیزوں کی بھی ضرورت ہے اسے فوری تحریری طور پردیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں انسداد تجاوزات مہم کے دوران ہارڈ اور سافٹ دونوں تجاوزات ختم کرنی ہے اور ملوث افراد کے خلاف اینٹی انکروچمنٹ ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کروانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائیاںکی گئیں ہیں لیکن ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں کروائی گئی جو کہ متعلقہ افسران کی ذمے داری تھی لیکن اب ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق ایف آئی آر درج کروائی جائے گی۔ انہوں نے ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو مزید ہدایت دی کہ وہ اپنے اضلاع کے متعلقہ محکموں کی فہرست مرتب کریں اور ان کے فوکل پرسن نامزد کیے جائیں جو انسداد تجاوزات مہم کے دوران ایف آئی آر درج کرانے کے بھی ذمے دار ہوں۔اس موقع پر ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرزنے ڈویژنل کمشنر حیدرآباد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عدلیہ کے احکامات کی روشنی میں انسدادتجاوزات مہم کی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہیں جبکہ اضلاع میں متعلقہ محکمے اس ضمن میں رابطے میں ہیں اوراجلاس بھی منعقد کیے گئے ہیں۔