بدین ،ڈی ایچ کیو اسپتال کاپانی چوری،مریضوں کوپریشانی کاسامنا

151

بدین (نمائندہ جسارت) بدین ڈی ایچ کیو اسپتال بدین کا پانی چوری ہونے لگا، مریضوں کو مشکلات کا سامنا، ضلع کے سب سے بڑے اسپتال کے امور شدید متاثر ہونے لگے۔انڈس اسپتال کے زیر انتظام چلنے والے ڈی ایچ کیو اسپتال بدین میں پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا، با اثر افراد کی جانب سے اسپتال کے پانی کو کمرشل مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے باعث مریضوں کا علاج معالجہ اور آپریشن تھیٹر کے امور شدید متاثر ہونے لگے۔ تفصیلات کے مطابق انڈس اسپتال کو آنے والی پانی کی مین لائن میں غیر قانونی کنکشنز کی بھرمار اور با اثر افراد کی جانب سے پانی کے بے دریغ کمرشل استعمال کے باعث پیدا ہونے والے پانی کے بحران کے سبب انتظامیہ کو اسپتال کے امور چلانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کی جانب سے کئی بار متعلقہ اداروں کو شکایت کرنے کے باوجود تاحال پانی کی چوری کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے، اسپتال انتظامیہ کے مطابق ڈی ایچ کیو اسپتال بدین کو روز ایک لاکھ گیلن پانی کی طلب ہے مین لائن سے پانی کی چوری کی وجہ سے اسپتال کو بمشکل بیس ہزار گیلن پانی مل پارہا ہے جو اسپتال کے امور چلانے کیلیے ناکافی ہے، اسپتال انتظامیہ روز کمرشل ٹینکرز خرید کر اسپتال کی ضروریات پوری کرنے پر مجبور ہے جس سے اسپتال پر مالی دبائو بڑھتا جارہا ہے۔ ڈی ایچ کیو اسپتال کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ضلع انتظامیہ اور متعلقہ ادارے ڈی ایچ کیو اسپتال بدین میں پانی کے بحران کا نا صرف نوٹس لے بلکہ اسپتال کو اس کے حصے کا پانی پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ پانی کی قلت کی وجہ سے اسپتال کے متاثر ہوئے امور دوبارہ بحال ہوسکے۔