گورنر اسٹیٹ بینک کی ڈی جی ایف آئی اے ، بینکوں کے صدور سے ملاقات

566

اسلام آباد(آن لائن )بینک دولت پاکستان کے گورنر ڈاکٹر رضا باقر نے ہفتہ کو ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ثنااللہ عباسی کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کی جس کا مقصد منی لانڈرنگ، سائبر حملوں
اور آن لائن فراڈ کا قلع قمع کرنے کی اسٹیٹ بینک، بینکوں اور فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی کوششوں کو مضبوط اور مربوط بنانا تھا۔ اجلاس میں بینکوں کے صدور اور ایف آئی اے اور اسٹیٹ بینک کے سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے بینکوں، اسٹیٹ بینک اور ایف آ ئی اے کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا تاکہ وائٹ کالر جرائم کی تیزی سے تفتیش ہوسکے اور فراڈ کرنے والوں کو گرفتار کرکے مقدمات چلائے جاسکیں۔ ایف آئی اے ٹیم نے بینکوں میں سائبر سیکورٹی مضبوط کرنے کے لیے تعاون کی پیشکش کی اور تجویز دی کہ بینک اپنے سسٹمز کا انفارمیشن سیکورٹی آڈٹ کرائیں۔ اس تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ موجودہ ضوابط کے مطابق بینکوں کے لیے لازم ہے کہ وہ باقاعدگی سے اطلاعی نظام کا آڈٹ اور پینی ٹریشن ٹیسٹنگ کرائیں تاہم پی بی اے کے توسط سے انڈسٹری پر اس حوالے سے پھر زور دیا جائے گا۔ اجلاس میں ان شعبوں میں اسٹیٹ بینک، ایف آئی اے اور بینکوں کے درمیان تعاون کو مضبوط کرنے کے لیے آئندہ کیے جانے والے اہم اقدامات اور ان سے متعلق نظام الاوقات کا تعین کیا گیا۔