ویانا مذاکرات میں ایران پر پابندیاں ہٹانا اہم ہے، ترجمان وزارت خارجہ

259

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے کہا ہے کہ آمدہ ویانا مذاکرات میں امریکی پابندیوں کو ہٹانا ایران کیلئے اہمیت کا حامل ہے۔

سعید خطیب زادہ نے پیر کے روز ایک ہفتہ وار پریس کانفرنس میں بعض یورپی حکام کی گفتگو کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہمارے لیے اہم بات یہ ہے کہ ویانا میں ایک اچھے معاہدے تک کیسے پہنچنا ہے۔ ویانا میں بات چیت کس مقام سے شروع ہوگی یہ کم اہم ہے۔ بعض یورپی حکام نے کہا تھا کہ مذاکرات کا آغاز دوبارہ اسی مقام سے ہو جائیگا جہاں پر وہ رکے تھے۔

ایران اور جوہری معاہدہ 2015 کے نام سے معروف مشترکہ جامع عمل منصوبہ(جے سی پی او اے)کے دیگر فریقین نے حال ہی میں آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں 29 نومبر کو ملاقات کرنے پر اتفاق کیا ہے تاکہ مذاکرات کا دوبارہ آغاز کیا جا سکے جو جون میں ایران کے صدارتی انتخابات اور اس کے نتیجے میں انتظامیہ کی تبدیلی کے باعث تعطل کا شکار ہو گئے تھے۔سعید خطیب زادہ نے کہا کہ ایران کے نائب وزیر خارجہ علی باقری کنی کے برطانیہ، فرانس اور جرمنی سمیت متعدد یورپی ممالک کے حالیہ دورے کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جے سی پی او اے سے انخلا کے بعد ایرانی عوام پر یکطرفہ طور پر عائد کی گئی پابندیوں کو ایک ہی وقت میں ہٹا دیا جانا چاہیے۔