آزاد کشمیر کے تمام کالجز کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ظفر اقبال ملک

222

وزیر ہائر ایجوکیشن آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر ظفر اقبال ملک نے کہا ہے کہ ہماری حکومت آزاد کشمیر کے تمام کالجز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ہر طرح کا اقدام اٹھا رہی ہے، آزاد کشمیر میں قائم کالجز کئی طرح کے مسائل کا شکار ہیں جن میں سٹاف کی کمی، ناکافی عمارات کے مسائل اور جدید سائنس اور کمپیوٹر لیبارٹریز کا ناکافی ہونا ہے، ان سہولیات کو مہیا کر کے سرکاری کالجز میں تعلیمی معیار کو بہتر بنایا جا سکتا ہے، گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن باغ کے زیر اہتمام تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن باغ کشمیر کے بہترین کالجز میں شمار ہوتا ہے

اس کے جملہ مسائل کو حل کر کے اسے تدریسی تعلیم کے جدید اداروں میں شامل کریں گے، یہ ادارہ اپنے محدود وسائل کے ساتھ تعلیمی میدان میں اس سے قبل بھی مثالی خدمات سر انجام دے رہا ہے جس پر ادارے کے پرنسپل ڈاکٹر محمد طارق خان اور تدریسی و ایڈمن سٹاف مبارکباد کا مستحق ہے، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کا اولین مقصد کشمیر کو ایجوکیشنل سٹیٹ بنانا ہے اور اس کے لیے ہم ہر طرح کا اقدام اٹھائیں گے، اس سے قبل وزیر حکومت جب کالج میں آئے تو کالج انتظامیہ اور طالبات نے ان کا فقید المثال استقبال کیا، کالج کی طالبات نے آرٹ اینڈ کرافٹ اور ثقافتی سٹالز کا اہتمام کر رکھا تھا جس میں مہمان خصوصی نے خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا، تقریب کی صدارت پرنسپل ادارہ پروفیسر ڈاکٹر محمد طارق خان نے کی انہوں نے اپنے خطاب میں مہمان خصوصی اور دیگر مہمانان گرامی کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کالج کی کامیابیوں اور اس کے مسائل سے وزیر حکومت کو آگاہ کروایا انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اپنے محدود وسائل میں ادارہ کی نہ صرف ساخت بحال رکھی ہوئی ہے

بلکہ یہ ادارہ اپنی تعلیمی و ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی آزاد کشمیر بھر میں منفرد پہچان رکھتا ہے، تقریب سے ڈائریکٹر پلاننگ کالجز راجہ شاہد محمود خان نے خطاب کرتے ہوئے اس شاندار تقریب کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی اور کالج کی تعلیمی و ہم نصابی سرگرمیوں کو خوب سراہا، تقریب سے پرنسپل گرلز کالج بیرپانی سردار افتخار اکبر نے بھی خطاب کیا، تقریب میں پرنسپلز، پروفیسر صاحبان، میڈیا کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی، تقریب میں نظامت کے فرائض پروفیسر سائرہ تبسم قاضی، شہباز گردیزی، عیشہ طارق، سیدہ راحت ضیافت اور سیماب کنول نے ادا کیے، تقریب میں ایک ڈیبیٹ بعنوان ” میں تو شرمندہ ہوں اس دور کا انساں ہو کر، کا بھی اہتمام کیا گیا تھا،

جس میں ججز کے فرائض پروفیسر دلشاد اریب اور سید امجد گردیزی نے ادا کئے، ڈیبیٹ میں کالج کی طالبات مصباح وحید، زینب بتول، شمع مظفر، ضبا ذوالفقار، صبا عزیز، آمنہ جانگیر، انسہ ارشد، سمعیہ فردوس، اقرا رزاق اور اقرا بشیر نے حصہ لیا، جن دیگر طالبات نے تقریب میں حصہ لیا ان میں حسینہ منصور، ارفع صیاد، نیر اعجاز، بشری ارشاد، اقرا رزاق اور دیگر شامل تھیں، تقسیم انعامات کی تقریب میں سابق طالبات اور ادارہ کے سٹاف کو ایوارڈز تقسیم کیے گئے ان خوش نصیبوں میں پروفیسر افتخار حیدر بانڈے، پروفیسر یاسمین یعقوب، پروفیسر قدسیہ مظہر، پروفیسر نسیم خالد، پروفیسر نازاں مظفر، گلزار احمد خان، عبدالستار خان، ذاکر حسین، مظفر خان، پروفیسر زاہدہ حیات، پروفیسر ایمن حنیف، فاخرہ بتول، اقرا صیاد، انیقہ رشید، ندا امداد، شامل تھے، دیگر سٹاف اور طالبات میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے، آخر میں پرنسپل ادارہ نے مہمان خصوصی اور ڈائریکٹر پلاننگ شاید محمود خان، دلشاد اریب اور امجد گردیزی کو بھی اعزازی شیلڈز پیش کیں، تقریب کے آخر میں مہمانان گرامی کی تواضع بھی کی گئی، طالبات کے پرزور مطالبہ پر وزیر حکومت نے اگلے دن کی چھٹی کا اعلان کیا۔

دری اثناء ہائیر ایجوکیشن منسٹر ظفر اقبال ملک نے ویمن یونیورسٹی باغ کا دورہ کیا، وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی باغ میریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر عبدالحمید اور پرنسپل آفیسران کی طرف سے ان کا استقبال کیا گیا وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالحمید نے ویمن یونیورسٹی باغ کے معاملات، مسائل اور کارکردگی پر انھیں بریفنگ دی، وزیر حکومت ظفر اقبال ملک نے جناب ڈاکٹر عبدالحمید کی شاندار ایک سالا کارکردگی کو سراہا اور کہا یہ ریاست کی واحد خواتین یونیورسٹی ہے اور ہم اسے ایک بہترین ادارہ بنائیں گے اورمکمل تعاون کا یقین دلایا، وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالحمید نے ان کے تعاون اور تشریف آوری پر شکریہ ادا کیا۔