عمران خان غربت نہیں غریبوں کو ختم کررہے ہیں،حسین محنتی

135

کراچی(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے رات کے اندھیرے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںایک بار پھر اضافہ عوام دشمنی کا کھلا ثبوت ہے، پیٹرول کی قیمت میں مسلسل اضافے سے نااہل حکمرانوں نے ثابت کردیا ہے کہ انہیں عوامی تکالیف سے کوئی سروکار نہیں ہے،آج ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلندترین سطح پر پہنچ چکیں، ڈالر کی اونچی اڑان، روپے کی بے قدری ،مہنگائی اور بیروزگاری نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں ، موجودہ حکومت آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر توانائی کی تمام اشیا اور روزانہ استعمال کی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کرکے غربت کے بجائے غریبوں کو ختم کرنے کے مشن پر ایمانداری سے عمل کررہی ہے ۔انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ چینی 160،ٹماٹر250، گھی 370روپے کلو ہوچکا ہے لیکن حکمرانوں نے ڈھٹائی کے ساتھ مہنگائی کو عالمی مسئلہ قرار دے کر جھوٹ بولنے کے تمام ریکارڈ توڑڈالے ہیں،2کروڑ عوام کو 120ارب روپے کا راشن پیکج دینے کا اعلان کرنے والے وزیراعظم نے 22 کروڑ عوام پر ایک بار پھر پیٹرول بم گراکر ثابت کردیا ہے کہ وہ عوامی نہیں بلکہ سلیکٹڈ وزیراعظم ہیں جنہیں صرف اپنے آقائوں کے جاری کردہ احکامات پر عمل کرنے سے سروکار ہے جبکہ عوام کے لیے ان کے پاس ریلیف کے بجائے تکلیف ہی تکلیف ہے۔