حکومت مہنگائی سے غریبوں کو زندہ درگور کررہی ہے،ہارون میمن

166

سکھر(نمائندہ جسارت)آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹج انڈسٹریز کے چیئرمین حاجی محمد ہارون میمن نے کہا ہے کہ ملک میں تاریخ کی بدترین مہنگائی نے جہاں غریب سے آخری نوالہ بھی چھین لیا ہے وہاں تاجر اور کاروباری حضرات بھی بہت پریشان ہیں عام آدمی کی قوت خرید کم ہونے سے معاشی بدحالی عروج پر ہے، مہنگائی اعلانات، وعدوں اور دعوؤں سے کم نہیں ہوگی مہنگائی کی کمی اور خاتمے کیلیے سچائی سنجیدگی اور توجہ کے ساتھ اقدامات کرنا ہوںگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں اپنے دفتر میں تاجروں ا ور شہریوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ غریب، ملازم پیشہ طبقہ، محنت کش اور روز کماکر روز کھانے والے پاکستانی شہریوں کے ساتھ کاروباری لوگ بھی مہنگائی کے ہاتھوں مشکلات سے دوچار ہیں، حکومت نے رعایتی اشیا فراہم کرنے والے ادارے یوٹیلیٹی اسٹورز پر بھی اشیائے خورونوش کے نرخ بڑھا کر عوام سے سستی اشیا کی فراہمی بھی چھین لی ہے حکومت مہنگائی سے غریبوں کو زندہ درگور کررہی ہے مہنگائی کم کرنے کے اعلانات عوام کے ساتھ بہت بڑا دھوکا اور مذاق ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز کا سامان مہنگا کرکے اب حکومت مہنگائی کم کرنے کا پیکیج دینے کا اعلان کرکے اندھیرے میں عوام کو کالی بلی دکھانے کا عمل کررہی ہے پاکستان کے عوام مہنگائی سے تنگ آکر بھوکا رہنے پر مجبور ہوچکے ہیں، حکومت صرف کھانے پینے کی اشیا پر توجہ دے اور آٹا دال چاول گھی، چینی،چائے کی پتی، گوشت اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتیں کم کرنے کے فوری اقدامات کیے جائیں، صرف اعلانات اور جھوٹی تسلیوں سے کچھ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی سے غریب عوام پریشان ہوتا تھا مگر اب تو تاجر کاروباری حضرات اور امیر و مراعات یافتہ کھلانے والے لوگ بھی مہنگائی کی کمی کی دہائی دے رہے ہیں وزیراعظم نے مہنگائی کے خاتمے پر توجہ نہ دی اور صرف اعلانات کا سہارا لے کر رکھا تو عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوسکتا ہے حکومت مہنگائی کم کرنے کو اپنی اولین ترجیح بنائے لوگوں کی مشکلات کو سمجھنے اور ہر صورت مہنگائی کنٹرول کرے۔