ڈی سی شہید بینظیر آباد کا مختار کار آفس دوڑ کا اچانک دورہ

311

نوابشاہ(سٹی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر آباد عامر حسین پنہور نے مختار کار آفس دوڑ کا دورہ کر کے ملازمین کی حاضری اور ریونیو ریکارڈ چیک کیا، جبکہ آفس میں آنے والے سائلین سے ان کے مسائل کے سلسلے میں معلومات بھی حاصل کیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عامر حسین پنہور نے مختار کار دوڑ کو سختی سے ہدایت کی کہ کام کے سلسلے میں آنے والے لوگوں کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر عامر حسین نے رورل ہیلتھ سینٹر، تعلیمی اداروں، شاہی بازار مورو روڈ اور اسٹیشن روڈ کا دورہ کر کے صفائی سمیت دیگر فراہم کردہ بنیادی سہولیات کا جائزہ لیا۔ شہر کی صفائی کی خراب صورتحال اور ایریگیشن گراؤنڈ سے تاحال بارش کے پانی کی نکاسی نہ کیے جانے پر ٹاؤن انتظامیہ پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور ٹائون انتظامیہ کو سختی سے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ فوری طور پانی کی نکاسی اور شہر میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے رورل ہیلتھ سینٹر دوڑ کے دورے کے دوران اسپتال انتظامیہ کو پابند کیا کہ اسپتال او پی ڈی کے لیے آنے والے مریضوں اور اسپتال میں زیر علاج مریضوں کو صحت کی ہر ممکن اور بہتر سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ رات کے اوقات کار میں ایمرجنسی ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹرز کو ڈیوٹی کا پابند بنایا جائے۔