نااہل سرکار نے ملک کو تباہی کے دہانے لاکھڑا کیا ،مرتضیٰ وہاب

158

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ملکی معاشی صورتحال پر ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی، سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ نااہل سرکار نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے، آئی ایم ایف کے ایما پر عوام کی جیبوں پر ڈاکے ڈالے جارہے ہیں۔بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئے روز کے اضافے نے رنگ دکھانا شروع کردیا ہے، ریلوے کرایوں سے لے کر بجلی کی فی یونٹ قیمت بڑھائی جارہی ہے پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت ایسے اضافے کو مسترد کرتی ہے۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ بجلی، پیٹرول کی قیمتوں اور ریلوے کرایوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے۔ نااہل حکومت کا اقدام مہنگائی کے بدترین دور میں غریب عوام پر ظلم کے مترادف ہے۔سلیکٹڈ سرکار کی نااہلی سے ڈالر کے ریٹ بے قابو ہوچکے ہیں، روپے کی بے قدری اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں نے ملک میں مہنگائی کی شرح میں بے پناہ اضافہ کردیا ہے۔بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ عوام کے مسائل سے ناآشنا پی ٹی آئی حکومت خواب غفلت میں ہے، عوام بہت جلد غاصب حکمرانوں کا محاسبہ کریںگے۔