حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی زندگی مشعل راہ ہے ، تنظیم اساتذہ

428

ٹنڈوآدم (نمائندہ جسارت ) سیرت النبیﷺ کے سلسلے میں سندھی مین پرائمری اسکول ٹنڈوآدم میں عظیم الشان پروگرام ہیڈ ماسٹر سندھی مین پرائمری لکھا ڈنو خاصخیلی کی میزبانی میں منعقد کیا گیا جبکہ مہمان گرامی میں تعلیمی افسران سید عبیداللہ شاہ،محمد رفیق بجورو محمد بخش لاشاری ، گلزار خاصخیلی ، علی اکبر برۃمانی، جنرل سیکرٹری تنظیم اساتذہ ضلع سانگھڑ پروفیسر احمد بلال غوری ،رانا محبوب ،ہیڈ ماسٹر اردو مین پرائمری اسکول گاندھی رام ، پ ٹ الف کے ضلعی نائب صدر محمد ہاشم ڈیروتھے جبکہ ہیڈ ماسٹر بلوچ محلہ پرائمری اسکول ملک ارشاد، ڈاکٹر ضیا الدین پرائمری اسکول کے عبدالستار، مظفر علی بہلم، غلام رسول بجورو،محمد ناصرغوری، امتیاز خاصخیلی و دیگر اساتذہ سمیت پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا کے افراد اور اسکول کے طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا نبی مہربان وجہ تخلیق کائنات ہیں وہ فخر موجودات ہیں ان کی زندگی دنیا بھر کہ انسانوں کے لیے مشعل راہ ہے، آپﷺ نے زندگی کے ہر شعبے میں عملی طور پر اپنے ذات کو نمونہ بناکر پیش کیا، اہل عرب نبوت سے پہلے بھی آپ کو صادق و امین کے نام سے پکارتے تھے، ہمارے طلبا ہمارا اثاثہ ہیں ہمیں ان کو سیرت طیبہ سے متعارف نہیں کرایا تو روز محشر ہم شرمندہ ہوں گے، دنیا کے حالات بدل رہے ہیں آج سیرت النبیﷺ کو اپنانے اور پیغام نبی کو پھیلانے کی ضرورت ہے، آپس میں اتحاد کے بغیر کامیابی ناممکن ہے ہمیں اللہ کی رسی قرآن مجید اور سنت رسول کو مضبوطی سے پکڑنا ہوگا، ذات پات، نسل وزبان کی تقسیم سے نکل کر امت مسلمہ بننا ہوگا۔پروفیسر احمد بلال غوری جنرل سیکرٹری تنظیم اساتذہ ضلع سانگھڑ نے میزبان لکھا ڈنو خاصخیلی کو محمد عربی کتاب جبکہ َدیگر افسران اور اساتذہ کو دینی کتابچوں کا تحفہ پیش کیا۔ان کی اس بہترین کاوش کو سراہا اور دیگر اساتذہ سے بھی درخواست کی کہ آپ اپنے اپنے اسکولوں میں سیرت النبی ﷺ کی مناسبت سے پروگرامات ترتیب دیں اور سارا سال نبی کریم ﷺ کی سیرت بچوں کو سنائیں، پڑھائیں اور عملی نمونہ بن کر دکھائیں۔ پروگرام کے اختتام پر مہمانوں کی تواضح اور طلبامیں مٹھائی تقسیم کی گئی۔