جماعت اسلامی نے کراچی کیلیے مئوثر آواز اٹھائی ، حافظ نعیم

214

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ حقیقی عوامی مسائل اجاگر کرنے سے عوام کا جماعت اسلامی پر اعتماد پر بڑھا ہے، صرف جماعت اسلامی ہی واحد جماعت ہے، جو کراچی کے گمبھیر مسائل کے حل اور عوام کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول کے لیے مؤثر اور توانا آواز بلند کر رہی ہے۔ حکمران پارٹیاں ہی کراچی کو تباہ و برباد کرنے کی ذمہ دار ہیں، جماعت اسلامی شہر کو تباہی و بربادی سے نکالنے اور تعمیر و ترقی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی، وفاقی و صوبائی حکومتوں اور حکمران پارٹیوں کے کراچی دشمن اقدامات اور طرز عمل کو بے نقاب کرے گی، یہ شہر ایک گل دستے کی طرح ہے اسے آباد رکھنے کے لیے جماعت اسلامی سب کو ساتھ لے کر چلے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع شرقی کے خصوصی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ناظمہ ضلع شرقی محترمہ ندیمہ تسنیم نے بھی خطاب کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہاکہ کراچی کے بڑے اور اہم مسائل قومی سطح پر اجاگر کرنے والی واحد جماعت صرف جماعت اسلامی ہے۔ انتخابی کامیابی کے نتیجے میں دعوتی عمل اور تحریکی سرگرمیاں بھی تیز اور مؤثر ہوجاتی ہیں۔علاوہ ازیں لانڈھی میںشان مصطفیؐ کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے انجینئر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ افغانوں نے جہاد کا راستہ اختیار کر امت کو سرخرو کیا ہے۔سب سے پہلے پاکستان کا نعرہ لگانے والو نے امت کوتقسیم کیااور ڈالروں کے عوض قوم کی بیٹی کو فروخت کیا۔دین دنیا میں غالب ہونے کے لیے آیا ہے مغلوب ہونے کیلئے نہیں۔حضور کا اسوہ ہم سب کے لیے ایک نمونہ ہے۔قرآن وسنت کے نظام کے ذریعے ہی امت سرخرو ہوسکتی ہے۔کانفرنس سے مرزافرحان بیگ اورنعمان بیگ نے بھی خطاب کیا۔