لوگوں کو کورونا سے بچانے کے لیے وسائل بروکار لارہے ہیں

272

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو کی ہدایت پر محکمہ صحت حیدرآباد کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفسر لالا جعفر اور ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محبوب زمان نے یوتھ ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے مہر علی ہاؤسنگ سوسائٹی فیز (ون) یوسی 94 تعلقہ لطیف آباد میں کورونا ویکسی نیشن کیمپ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر یوتھ ویلفیئر کے بانی و جنرل سیکرٹری سید فہیم الدین، مرکزی صدر علی بخش پٹھان، سٹی چیئرمین سفیان علی صدیقی، تعلقہ لطیف آباد کے چیئرمین دانش گل، میڈیکل انچارج ڈاکٹر عارف زیدی، رہنما وزیر، ریاست ناغڑ، فرحان انصاری، یعقوب شیخ، مظہر، تنویر فیضان، قدیر ہاشمی و دیگر عہدیداران کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر لالا جعفر نے کہا کہ یوتھ ویلفیئر کی سماجی و فلاحی خدمات قابل تعریف ہیں۔ یوتھ ویلفیئرنے ہمیشہ اللہ تعالی کی خوشنودی کے لیے دکھی انسانیت کی خدمت کی ہے۔ کورونا ویکسی نیشن کا پانچواں کیمپ ان کی جدوجہد کا ثمر ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محبوب زمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ یوتھ ویلفیئر سوسائٹی جو کہ کورونا کے حوالے سے ایک نام ہے انہوں نے اپنا پا نچواں کیمپ لگا کر ثابت کردیا ہے کہ وہ لوگوں کو اس وباء سے بچانے کے لیے اپنے تمام تر وسائل بروکار لارہے ہیں۔ اس موقع پر یوتھ ویلفیئر سوسائٹی کے بانی و چیئرمین سید فہیم الدین نے خطاب کرتے ہوئے تمام مہمانوں اور ویلفیئر کے عہدیداران، ڈاکٹر سلمان اور انکی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔