حیدرآباد میں ڈینگی ودیگر وبائی امراض میں اضافہ ہورہاہے ،عبدالجبار

239

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ حیدرآباد میں ڈینگی ، ٹائیفائیڈ اور دیگر وبائی امراض میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ لہٰذا شہری اس حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کریں ، خاص طورپر ڈینگی جس کی ان دنوں افزائش ہوتی ہے ، لہٰذا شہریوں کو چاہیے کہ وہ ڈینگی سے بچاؤ کیلیے محکمہ صحت کی ہدایت کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کریں ، گھروں میں پانی جمع نہ ہونے دیں، وقفہ وقفہ سے گھروں اور دکانوں میں مچھر مار اسپرے کریں تاکہ ڈینگی مچھر سے محفوظ رہا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کی جانب سے سندھ کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی سمیت دیگر بیماریوں کا مفت علاج کیا جارہا ہے ، یہ اس سے فائدہ اٹھائیں۔انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح صحت کے مراکز کو زیادہ سے زیادہ اپ گریڈ کرنا ہے تاکہ سندھ کے عوام اس سے براہ راست فائدہ اٹھاسکیں۔ یہی وجہ ہے کہ صوبائی حکومت نے این آئی سی وی ڈی جیسے ادارے قائم کیے ہیں جہاں شہریوں کو جدید علاج معالجے کی سہولیات مفت حاصل ہے۔ کیونکہ حکومت یہ سمجھتی ہے کہ سندھ کے غریب عوام کو صحت جیسی سہولیات مفت فراہم کی جانی چاہیے۔