ٹریفک جام کی اصل وجہ تجاوزات کی بھرمار ہے،الطاف میمن

254
حیدرآبادچیمبر آف اسمال ٹریڈر کے صدر الطاف میمن ودیگر کو ایم کیو ایم کا وفد اور اسسٹنٹ کمشنر مطاہر وٹو مبارکباد دے رہے ہیں

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد الطاف میمن نے کہا ہے کہ شہر میں تجاوزات ختم نہ ہونے کے سبب ٹریفک جام کے مسائل جنم لیتے ہیں، کچھ دن تجاوزات کے خلاف مہم چلائی جاتی ہے اور بعد ازاں کچھ دن بعد انہیں جگہوں پر دوبارہ تجاوزات نظر آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے انہیں سڑکوں پر ڈبل ٹیکر بس چلا کرتی تھی آج تجاوزات کی وجہ سے سڑکیں اتنی تنگ ہوگئیں ہیں کہ یہاں سے بڑی کاریںاورجیپ کا ہی گزرنا محال ہے۔ وہ اسسٹنٹ کمشنر سٹی مطاہر امین وٹو جو ان کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دینے ان کے دفتر آئے تھے سے گفتگو کررہے تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے صدر چیمبر کی گفتگو سن کر ان کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور جلد ہی شہر میں تجاوزات کے خاتمے کیخلاف کارروائیوںکو تیز کرنے کا عندیہ بھی دیا۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر محمد ادریس میمن، سابق صدر محمد اکرم انصاری، رکن ایگزیکٹیو کمیٹی شیخ احمد حسین، سکندر علی راجپوت، محمد یاسین خلجی ودیگر بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ حیدرآباد کے وفد نے بھی رکن رابطہ کمیٹی ابوبکر کی سربراہی میں چیمبر کے عہدیداران اور اراکین ایگزیکٹیو کمیٹی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں10 اکتوبر کو نکالی جانے والی حقوق ریلی میں شرکت کی بھی دعوت دی۔