لیاقت یونیورسٹی ہسپتال میں چھاتی کینسرکے منفرد کلینک کا آغاز

157

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)لیاقت یونیورسٹی ہسپتال حیدرآباد میں چھاتی کے کینسر کے علاج اور تشخیص کے لئے عالمی معیار کے مطابق منفرد بریسٹ کلینک کا آغاز کردیا گیا ہے اور اس سلسلے میں ایک افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں لیاقت یونیورسٹی ہسپتال حیدرآباد/ جامشوروکے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد صدیق پہوڑ، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن عبدالستار جتوئی ا ور شعبہ ریڈیولوجی ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ چیئرپرسن ڈاکٹر انیلا شیبا نے بریسٹ کلینک کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر اے ایم ایس پیرا میڈیکل ڈاکٹر شوکت علی لاکھو ، مختلف شعبہ جات کے کنسلٹینٹس، ڈاکٹر ز، نرسز اور سول سوسائٹی کے نمائندے بھی موجود تھے۔ اس بریسٹ کلینک میں مریضہ کی چھاتی میں گھٹلی کے آغاز سے لے کر موجود کیفیت تک تمام معلومات حاصل کرکے تشخیص اور علاج کا مرحلہ شروع کیا جائے گا۔ بریسٹ کلینک کی افتتاحی تقریب کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن لیاقت یونیورسٹی ہسپتال حیدرآباد/ جامشوروعبدالستار جتوئی نے بتایا کہ بریسٹ کلینک کے قیام سے قبل چھاتی میں کینسر کی تشخیص کا مرحلہ کافی مشکل اور طویل ہوتا تھا اور اس کے علاج پر خطیر رقم کے اخراجات آنے کی وجہ سے خواتین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا تھا جبکہ غربت کے باعث مہنگا ترین علاج نہ کرانے کے باعث خواتین چھاتی کے کینسر کے علاج سے مایوس ہو کر دیسی نسخے استعمال کرتی تھی اور مرض میں اضافہ کے باعث خواتین کی موت بھی واقع ہو جاتی تھی اوراس مرض میں اضافہ کے ایک سبب اندرون سندھ کی غیر تعلیم یافتہ خواتین میں اس علاج سے بچائو اور احتیاط کے حوالے آگاہی نہ ہو نا ہے لیکن اب سول اسپتال حیدرآباد میں باقاعدہ مکمل بریسٹ کلینک قائم کر دی گئی ہے اور اس کلینک میں لیاقت یونیورسٹی ہسپتال کی ہیڈ ڈیپارٹمنٹ آف سرجری پروفیسرامبرین منیر ، آغا خان ہسپتال کی سرجن ڈاکٹر لبنیٰ مریضوں کا علاج کریں گی جبکہ بریسٹ کلینک کیلئے سرجن، ریڈیو لو جسٹ،آنکا لوجسٹ ،الٹرا ساؤنڈ اور پیتھالوجسٹ کی خدمات بھی حاصل کر لی گئی ہیں تاکہ بریسٹ کلینک میں آنے والے مریضوں کو مرض کی تشخیص کیلئے مختلف شعبہ جات اور پیتھالوجی لیبارٹری کے چکر نہ لگانا پڑیں ۔عبدالستار جتوئی نے مزید کہا کہ بریسٹ کلینک میں مکمل ٹیسٹ اور تشخیص ادویات و علاج بالکل مفت کیا جائے گا جبکہ علاج و معالجہ میں کسی بھی قسم کی دشواری پیش آنے پر ایکسرے ڈیپارٹمنٹ حیدرآباد میں ریڈیو لوجی ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ ڈاکٹر انیلا شیبا کو آگاہ کیا جائے تاکہ آنے والے مریضوں کو کسی بھی قسم کی دشواری اور مایوسی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ان کے علاج و معالجہ میں آسانی پیدا کی جا سکے۔