دھابیجی میں پانی کی قلت ، 40 لاکھ روپے کی موٹر کرپشن کی نذر ، سماجی رہنما کا الزام

161

دھابیجی(نمائندہ جسارت)یوسی دھابیجی کے سماجی رہنما قاری محمد فیاض دیشانی اور طاہر علی قائمخانی نے پریس کلب دھابیجی میں پریس کانفرس کرتے ہوئے کہا ہیکہ گزشتہ کئی سالوں سے سیاسی بنیادوں پر دھابیجی کی عوام پر مسلط کیے گئے پبلک ہیلتھ ٹھٹھہ کے ایکسین ساجد ملاح اور نصیر جوکھیو نے یوسی کی عوام کا جینا محال کردیا ہے۔پبلک ہیلتھ افسران کی نااہلی کے باعث عوام گزشتہ 10روز سے پینے کے پانی سے محروم ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ تین ماہ قبل دھابیجی کیلئے منظور کی جانے والی چالیس لاکھ روپے کی سیمنس کمپنی کی واٹرسپلائی کی نئی موٹریں اور پمپ پبلک ہیلتھ انتظامیہ نے مبینہ طور پر بیچ کر شیرشاہ سے پرانے پمپ لاکر لگائے ہیں۔جو ناکارہ ہونے کے باعث خراب ہوگئے ہیں۔سماجی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے بلال نگر اور غریب آباد مارکیٹ کیلئے منظور کیے جانے والے روڈ کا ترقیاتی فنڈ بھی مبینہ طور پر پی پی کے مقامی نمائندے ہڑپ کرگئے ہیں۔انہوں نے حلقہ کے منتخب پیپلزپارٹی کے ایم پی اے جام اویس بجار خان جوکھیو سے مطالبہ کیا ہیکہ یوسی دھابیجی کیلئے منظور کیے جانیوالے ترقیاتی منصوبوں کے فنڈ میں کی جانیوالی مبینہ خردبرد اور عوام کو درپیش مشکلات کا فوری نوٹس لیا جائے۔