ملک میں حکومت ناکام اور کرپشن کامیاب ہوگئی ، حزب اللہ جھکرو

226

سکھر( نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی سندھ کے رہنما اور جمعیت اتحادالعلما کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ حزب اللہ جھکرونے کہاہے کہ حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی کے بوجھ تلے دفن کردیا ہے ،پیٹرولیم مصنوعات سے لیکر عام اشیا کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ غریب کی برداشت سے باہر ہوچکا ہے۔ مدرسہ تفھیم القرآن میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ناکام ہوچکی ہیں، صرف کرپشن کامیاب ہوگئی ہے۔ ہرمحکمہ کرپشن میں ڈوب چکا ہے۔ترقیاتی کاموں میں تاخیر اور ٹھیکیداروں کی من مانی بڑھ گئی ہے۔عملاً کمیشن مافیا کی حکومت ہے، موجودہ احتساب کے سارے ادارے ناکام ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس کہیں بھی نظر نہیں آرہی ہے،صرف مال کمانے کا مقابلہ ہورہا ہے ،وزراء میں ڈیلیور کرنے کی صلاحیت ہی نہیں ہے۔کراچی تاکشمور عوام پریشان ہیں۔ غریب کے بچے تعلیم اور علاج کیلئے پریشان ہیںجبکہ امیروں کے کتے بھی مکھن کھارہے ہیں۔ملک غریب اور قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے ادائیگی کیلیے پیسہ نہیں ہے۔سبسڈی دینے کیلیے پیسہ نہیں ہے تو حکمراں لینڈکروزر گاڑیاں کہاں سے لاتے ہیں؟؟۔ غریب عوام کے ٹیکس سے عیاشیاں بند کی جائیں ،انہوں نے کہا کہ غیرت کا تقاضا ہے کہ لٹیروں کے مال وجائیداد کو بیچ کر ملک کا قرض ادا کیا جائے۔ کہاں ہے مدینہ کی ریاست؟ اسکے دعویدار؟ انہیں فٹ پاتھ پر بیٹھے بے یارومددگار مرد عورتیں وبچے نظر نہیں آتے؟ جو علاج کیلئے پریشان ہیں، کھانے کیلیے پریشان ہیں۔انھوں نے کہاکہ ایماندار و دیانتدار قیادت ہی ملک کو کشکول سے نکا سکتی ہے۔ملک پر رحم کرو اور اقتدار چھوڑدو ،ہمیں پرانا پاکستان واپس کرو جس مین چینی 50روپے کلو پیٹرول70 روپے لیٹر ملتا تھا۔