بچوں پر جسمانی سزاؤں کی ممانعت کا بل، تھپڑ مارنے پر بھی سزا ہوگی

480

اسلام آباد: تعلیمی اداروں میں 18سال سے کم عمر بچے کو تھپڑ مارنے پر بھی سزا ہوگی، بچوں کو سزا دینے میں ملوث شخص کو معطل یا ملازمت سے فارغ بھی کیا جاسکتاہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی اسمبلی میں بچوں پر جسمانی سزاؤں کی ممانعت کا بل پیش کیا گیا، جس  میں کہا گیا ہے کہ بچوں کے بال ، کان کھینچنا یا دھمکاناجرم ہوگا، بچوں کو کرنٹ لگانا ،ہاتھ ، بیلٹ، اسٹک، جوتے ،لات اور چمچہ مارنا بھی جرم قرار دیا گیا ہے۔

بل کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ ممانعت بل کا اطلاق اسکولز ، مدارس اور یتیم خانوں سمیت دیگر اداروں پر ہوگا،اس سلسلے میں وزارت تعلیم اسکولز اور وفاق المدارس کمیٹیاں تشکیل دیں گی،کمیٹی 3ارکان پر مشتمل ہوگی،جس میں ایک خاتون رکن کا ہونا لازم ہوگا۔

کمیٹی 30روز میں کسی بھی شکایت پر فیصلہ کرے گی،سزا یافتہ ملزم کو وفاقی محتسب میں اپیل کا حق حاصل ہوگا۔