مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف احتجاج

283

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کمر توڑ مہنگائی اور ہوش ربا بے روزگاری میں اضافے کے خلاف جمعہ 24 ستمبر کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔ مرکزی دفتر جماعت اسلامی پاکستان منصورہ لاہور سے جاری بیان میں انہوں نے پاکستان کے تمام طبقہ ہائے فکر سے اپیل کی ہے کہ وہ ان احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں میں شرکت کریں۔ امیر جماعت اسلامی نے مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے واضح پیغام دیا ہے کہ جماعت اسلامی حکومت کے عوام دشمن اقدامات کے خلاف احتجاج میں شدت لائے گی۔ مہنگائی اور بے روزگاری ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ اس حقیقت کو وزیراعظم اور کابینہ کے ارکان بھی تسلیم کرتے ہیں۔ حکومت کا سارا زور اس بات پر ہے کہ مہنگائی اور بے روزگاری کی ذمے داری سابق حکومتوں پر عائد ہوتی ہے۔ اس استدلال میں شروع میں وزن تھا لیکن اب حکومت کو اپنی کارکردگی کا جواب دینا ہوگا۔ طاقتور حزب اختلاف کے باوجود پالیسی سازوں کو کسی قسم کی بھی مزاحمت کا سامنا نہیں ہے۔ ایسے حالات میں عوام کی حقیقی نمائندگی ضروری ہے۔ سراج الحق کی جانب سے مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف احتجاج کا اعلان وقت کی آواز ہے۔ اب تک کی تمام سیاسی اور غیر سیاسی حکومتیں عوام کے حالات ابتر کرنے کا سبب بنی ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ کمرتوڑ مہنگائی اور ہوش ربا بے روزگاری کی مقامی اور عالمی ذمے داروں کا تعین کرکے ہمہ گیر تحریک جاری رکھی جائے۔