دورہ پاکستان ختم کرنے پر برطانوی حکومت اپنے کرکٹ بورڈ سے ناراض

283

لندن: برطانوی وزیراعظم بورس جانسن اور حکومت دورہ پاکستان منسوخ کرنے پر انگلش کرکٹ بورڈ سے ناراض ہوگیا ہے۔

برطانوی اخبار دی ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق برطانوی حکومت نے انگلش کرکٹ بورڈ کو دورہ پاکستان شیڈول کے مطابق جاری رکھنے کا کہا تھا، تاہم انگلش کرکٹ بورڈ نے حکومتی موقف کو نظر انداز کرتے ہوئے دورہ پاکستان منسوخ کردیا ہے۔

حکومتی مؤقف نظر انداز کرنے پر برطانوی حکومت انگلش کرکٹ بورڈ پر برہم ہیں، برطانوی وزیراعظم اور سینئر حکام کا مؤقف ہے کہ پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے کے فیصلے سے پاک برطانیہ تعلقات متاثر ہوئے ہیں۔ افغانستان سے برطانوی فوجیوں اور سفارت کاروں کے انخلا پر حکومت برطانیہ پاکستان کی شکر گزار ہے ایسے میں پاکستان کو کرکٹ سے محروم کرنا درست نہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ انگلینڈ بورڈ نے وزیراعظم ہاؤس اور کلچرل منسٹری سے مشورہ کیا تھا لیکن پھر پاکستان جانے سے متعلق یکطرفہ فیصلہ سنادیا۔

خیال رہے کہ برطانوی حکومت اور پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر پہلے ہی فیصلے سے قطع تعلق کر چکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق انگلش کرکٹ بورڈ نے پلیئرز یونین کے دباؤ میں آکر دورہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا کیونکہ انگلش بورڈ مختصر دورہ پاکستان کے لیے ایشز معاملے پر پلیئرز سے لڑائی نہیں چاہتا تھا۔