ٹنڈوالہٰیار میں بڑھتی وارداتوں کے سبب ایس ایچ او اے سیکشن معطل

178

ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) چوری ڈکیتی کی بڑھتی وارداتوں کے سبب ایس ایس پی ٹنڈوالہٰیار نے فوری نوٹس لیتے ہوئے تھانہ اے سیکشن رحیم گوپانگ کو معطل کرکے ان کی جگہ نئے ایس ایچ او مظہر مہدی کو مقرر کیا گیا ہے۔ مظہر مہدی محنتی پولیس آفیسر ہیں، دیکھنا یہ ہے کہ کیا ایس ایچ او ٹنڈوالہٰیار میں امن بحال کرسکیں گے یا نہیں جبکہ دوسری جانب چوروں کے گروہ نے اپنے عزم کو مضبوط بناتے ہوئے نئے آنے والے ایس ایچ او کو بھی تحفہ پیش کرچکے۔ ٹنڈوالہٰیار میں ایک ماہ سے شہر کی فضا انتہائی افسردہ تھی۔ آئے روز موٹر سائیکل کی چوری کی واردات کے ساتھ ساتھ گھروں اور دکانوں کے تالے ٹونا روز کا معمول بن چکا ہے۔ شہریوں نے پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھانا شروع کردیے تھے۔ شہریوں کی جانب سے شہریوں کے جان ومال محفوظ نہ ہونے کے سبب ایس ایس پی ٹنڈوالہٰیار اور ایس ایچ او کو فوری طور پر ہٹانے کی بازگشت شروع کردی تھی جس کے سبب ایس ایس پی ٹنڈوالہٰیار نے اپنے آپ کو بچانے کے لیے فوری طور پر ایس ایچ او اے سیکشن رحیم گوپانگ کو فوری طور پر ہٹا کر ان کی جگہ محنتی سب انسپکٹر مظہر مہدی کو ٹنڈوالہٰیار میں امن بحال کرنے کا ٹاسک دے کر تھانہ سیکشن اے پر ایس ایچ او مقرر کردیا ہے۔