کورونا ویکسینیشن کا روزانہ کی بنیاد پر ہدف حاصل کیا جائے، منور علی

77

کندھکوٹ (نمائندہ جسارت) کورونا ویکسین روزانہ کی بنیاد پر ہدف حاصل کیا جائے، اس ضمن میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر کشمور منور علی مٹھیانی نے اپنے دفتر میں کورونا ویکسینیشن مہم کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ کندھکوٹ 15 سے 18 سال تک کے ہائی اسکول اور کالج کے طلبہ کو کوویڈ ویکسین لگائی جائے گی ۔ اجلاس میں ضلع سے تعلق رکھنے والے محکمہ تعلیم اور صحت کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر منور علی مٹھیانی نے کہا کہ سندھ حکومت کے حکم کے مطابق تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے ویکسینیشن کا عمل جاری ہے۔ سندھ حکومت کی ہدایت کے مطابق مرحلہ وار ویکسینیشن کی جارہی ہے، اب 15 سے 18 سال کی عمر کے طلبہ کو کورونا ویکسین دی جائے گی، تاکہ وہ اس عالمی وبا سے نمٹ سکیں اور تعلیمی سرگرمیاں کم متاثر ہوں۔ انہوں نے ڈی ایچ او کو ہدایت کی کہ وہ کاروباری افراد کے ساتھ مل کر کام کریں تاکہ نجی اسپتالوں، ہوٹلوں، پیٹرول پمپوں، کمپنیوں، میڈیکل اسٹورز اور دکانوں کے مالکان کو خبردار کیا جائے کہ وہ اپنے پورے عملے کی ویکسینیشن کرائیں جبکہ ویکسینیشن نہ کرانیوالے لوگوں کو سہولیات فراہم نہ کی جائیں، بصورت دیگر ان کے کاروبار سیل کردیے جائیں گے۔