پیٹرول کی قیمت میں اضافہ مہنگائی کا بم ہے ، اپوزیشن جماعتیں

263

جھڈو (نمائندہ جسارت) اپوزیشن پارٹیوں کے رہنماؤں نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کو غریب عوام پر مہنگائی کا بم حملہ قرار دے کر مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پانچ روپے فی لیٹر اضافے سے ملک میں بدترین مہنگائی کا طوفان آ جائے گا، اپوزیشن جماعتوں کے رہنمائوں نے حکومت سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا ظالمانہ فیصلہ فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ مسلم لیگ ( ن) سندھ کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری چودھری محمد طارق، صوبائی نائب صدر چودھری سجاد احمد، جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری افضال احمد، پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی میر طارق خان تالپور، پیپلز یوتھ آرگنائزیشن سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری اعظم نوحانی، پی پی تعلقہ جھڈو کے جنرل سیکرٹری محبوب علی لغاری، تعلقہ انفارمیشن سیکرٹری سجاد لاشاری،پی پی جھڈو سٹی صدر میر عرفان تالپور، عمران سردار ناگوری، فنکشنل مسلم لیگ تعلقہ جھڈو کے صدر حاجی فضل الرحمن میمن،شہری وسماجی رہنماؤں محمد علی ناگوری، حنیف تاج،ندیم نواب،عمران اصغر قائم خانی و دیگر نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو بدترین مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے ملک کے بائیس کروڑ عوام سے سنگین مذاق اور ظلم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نااہل سلیکٹیڈحکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پانچ روپے سے زائد کا اضافہ کرکے غریب عوام کو زندہ درگور کردیا گیا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے اشیائے خورونوش سمیت دیگر ضرورت کی اشیاء کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوجائے گا، پہلے ہی روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی سے غریب عوام کی قوت خرید انتہائی کم ہوگئی ہے جو کہ اب ختم ہو جائے گئی ہے، اپوزیشن جماعتوں کے رہنمائوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی نالائق اور سلیکٹیڈ حکومت نے بجٹ کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل چوتھی مرتبہ اضافہ کرکے بے روزگاری اور کمرتوڑ مہنگائی سے پریشانی کا شکار غریب عوام پر مہنگائی کے ڈرون بم سے حملہ کردیا ہے۔ نااہل حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کرکے عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈال کر غریب عوام کے منہ سے دو وقت کی روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا ہے۔ اپوزیشن پارٹیوں کے رہنماوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی سلیکٹیڈ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور مہنگائی میں مسلسل اضافہ کر کے گزشتہ تین سال سے اپنی نااہلی، ناقص معاشی پالیسیوں اور ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش کررہی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ظالمانہ فیصلے کو فی الفور واپس لیا جائے۔