شکارپور،ایپکا کی مطالبات کی عدم منظوری پر قلم چھوڑ ہڑتال

217

شکارپور (نمائندہ جسارت) ایپکا پاپولیشن ملازمین کا مطالبات کے حق میں احتجاجی ریلی کا انعقاد، قلم چھوڑ ہڑتال اور علامتی بھوک ہڑتال کیمپ قائم۔ ایپکا پاپولیشن ریلی محکمہ پاپولیشن ویلفیئر آفس سے  گھنٹہ گھر چوک تک نکالی گئی اور علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ قائم کیا گیا۔ ریلی کی قیادت ایپکا پاپولیشن ضلع شکارپور کے صدر سید نذیر شاہ مشوانی نے کی۔ اس موقع پر مشتاق پنہور، شکیل پھوڑ، عمیر شجراع، احسان کاندھڑو، شبانہ مسیح، مائی حاجانی، شبانہ کاندھڑو سمیت دیگر شریک تھے۔ احتجاجی ریلی اور علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے سید نذیر شاہ مشوانی نے کہاکہ تنخواہوں و پنشن میں اضافہ، عارضی ملازمین کو مستقل اور سن کوٹے کو بحال کیا جائے۔ محکمہ پاپولیشن ویلفیئر کے ملازمین کو اپ گریڈ کرکے ٹائم اسکیل دینے کے ساتھ ان کی تنخواہوں اور پنشن میں بھی اضافہ کیا جائے۔ کنٹریکٹ پالیسی کا خاتمہ کیا جائے اور کنٹریکٹ ملازمین مستقل کیے جائیں۔ محکمہ پاپولیشن میں 2009ء سے کام کرنے والے کنٹریکٹ ملازمین کو 12 سال گزر جانے کے باوجود مستقل نہیں کیا جارہا محکمہ پاپولیشن ویلفیئر کے سوشل میل موبلائزرز اور عارضی ملازمین کو فوری مستقل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ پاپولیشن ویلفیئر مین سن کوٹے کے تحت ملازمین کے بچوں کو ملازمتیں دے کر مطالبات منظور کیے جائیں دیگر محکموں کے تمام ملازمین کو اپ گریڈ کیا گیا لیکن محکمہ پاپولیشن کے ملازمین کو ان تمام مراعات سے محروم رکھا گیا ہے۔ مہنگائی کے تناسب سے تنخواہ میں اضافہ کیا جائے۔ فیملی ویلفیئر سینٹرز کو سرکاری اسپتالوں میں منتقل کرنا بند کیا جائے، ہمارے مطالبات جائز ہیں اور ایپکا ملازمین کو ان کا حق دیا جائے، مطالبات نہ ماننے تک احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔