جیکب آباد،اسکول کی سیڑھیوں پر لگے چمکیلے ٹائلزطالبات کو زخمی کرنے لگے

251

جیکب آباد(نمائندہ جسارت )جیکب آباد کے گرلز ہائی اسکول کی ہیڈ ماسٹر کو ایجوکیشن ورکس کے انجینئر کی دھمکی،اسکول کی سیڑھیوں پر لگے چمکیلے ٹائلز کی وجہ سے متعدد طلبہ کے زخمی ہونے کے واقعات پر ٹائلز ہٹانے کا کہنے پر کیس داخل کرانے کی دھمکی دی گئی ہے :گل حسن جمالی۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے علن خان جمالی گرلز ہائی اسکول میں محکمہ ایجوکیشن ورکس کی جانب سے ٹھیکیدار کو مکمل ادائیگی کے باوجود تعمیراتی کام تاحال مکمل نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے تدریسی عمل شدید متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ اساتذہ اور طالبات کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اسکول کی بائونڈری وال ادھوری ہے جبکہ بجلی کا کام بھی مکمل نہیں کیا گیا ہے اسکول میں پنکھے تک نہیں لگائے گئے جس کی وجہ سے شدید گرمی میں طالبات کی اکثر حالت غیر ہوتی رہتی ہے۔ ایجوکیشن ورکس کے ٹھیکیدار کی جانب سے اسکول میں ناقص کام کرنے کی شکایات بھی ملی ہیں ایک منزلہ اسکول کی سیڑھیوں پر سفید رنگ کی چمکیلے ٹائلز لگائے گئے ہیں جو کہ دیوار میں یا پھر واش روم میں لگائے جاتے ہیںچمکیلے ٹائلز سیڑھیوں پر لگانے کی وجہ سے متعدد طالبات اور اساتذہ گر کر زخمی ہو چکے ہیںجو کہ ٹھیکیدار کی نااہلی ہے جس پر علن خان جمالی گرلز ہائی اسکول کی ہیڈ مسٹریس نے محکمہ ایجوکیشن ورکس کے اے ای این خان محمد جمالی کو شکایت کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ٹائلز جلد ہٹائے جائیں کیونکہ طالبات سیڑھیوں سے گر کر زخمی ہو رہی ہیں ورنہ ہم خود ہٹوادیں گے جس پر انجینئر نے ہیڈ مسٹریس کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر ٹائلز ہٹوائیں تومقدمہ درج کیا جائے گا 18ویں گریڈ کی خاتون ہیڈ مسٹریس کو 17ویں گریڈ کے انجینئر کی جانب سے دھمکی دینے کے واقعے پر اسکول کے عملے میں تائو پھیل گیا ہے۔ اس سلسلے میںمحکمہ تعلیم کے ریٹائر افسر اور اسکول کی ایس ایم سی کمیٹی کے چیئرمین گل حسن جمالی نے رابطے پر بتایا کہ سیڑھیوں سے ٹائل ہٹانے کو انجینئر کو کہا تو ہیڈ مسٹریس کو کیس داخل کرانے کی دھمکی دی گئی ہے بچیاں سیڑھیوں سے گر کر زخمی ہو رہی ہیںاس کا مقدمہ افسران اور ٹھیکیدار پر درج کیا جائے حادثات کی وجہ سے اوپر کا پورشن بند کر دیا گیا ہے تاحال سیڑھیوں سے چمکیلے ٹائلز نہیں ہٹائے گئے ہیں دوسری جانب محکمہ ایجوکیشن ورکس کے اے ای این خان محمد جمالی سے رابطے کی کوشش کی گئی پر ان کا نمبر بند ملا۔