کراچی میں شدید گرمی اور لو، پارہ 41 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھوگیا

244

کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری ہوائیں بند ہونے سے کراچی میں آج بھی شدید گرمی رہے گی، صوبہ سندھ کا سب سے بڑا شہر کراچی شدید گرمی اور لو کی لپیٹ میں ہے جبکہ ہیٹ ویوز کے دوران پارہ 41 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ شہر میں سمندری ہوائیں بند ہیں اور شمال مشرق سے گرم ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ کراچی میں آج بھی گرمی کا زور برقرار رہے گا اور 16 سے 18 ستمبر کے دوران شہر میں بارش کا امکان موجود ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق الصبح شہر کا درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا اور آج دن بھر کراچی میں گرم اور خشک ہواؤں کا راج رہے گا جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، تاہم محسوس کئے جانے والا درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کے کم دباؤ کے اثرات جنوب مشرقی سندھ تک پھیلے ہوئے ہیں اور اس سسٹم کے زیر اثر نواب شاہ، تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص اور سانگھڑ میں رات تک گرد آلود آندھی و بارش کا امکان ہے جبکہ شہر قائد کراچی میں کل 16 ستمبر تک موسم شدید گرم رہے گا۔

دوسری جانب سردار سرفراز نے بتایاہےکہ بھارت اور پاکستان میں 2 مون سون سسٹمز موجود ہیں، ایک ڈپریشن وسطی بھارت میں موجود ہے، اس ڈپریشن کا رخ بالائی سندھ اور جنوبی پنجاب کی جانب ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ان دونوں سسٹمز کے تحت فی الحال کراچی میں بارش کا امکان نہیں، کراچی میں کل (جمعرات تک) موسم گرم ہی رہے گا، تاہم 16 ستمبر کے بعد سسٹم کے بحیرۂ عرب میں جانے سے سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے۔

خیال رہے متوقع ہیٹ ویوز کے پیشِ نظر ماہرینِ صحت نے شہریوں کو احتیاط برتنے کی تاکید کردی اور کہا ہے کہ لوگ غیر ضروری طور پر گھر سے نہ نکلیں، پانی اور مشروبات کا زیادہ استعمال کریں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویو ز کی علامات میں پسینے کا زیادہ آنا، متلی، سر اور جسم میں درد سمیت غنودگی طاری ہونا شامل ہے، موسم گرم اور خشک ہونے کی صورت میں بلا ضرورت گھر سے نکلنے سے اجتناب کریں، دن میں کم سے کم آٹھ گلاس پانی ضرور پئیں۔