پاکستان کا 74واں یوم آزادی آج بھرپور انداز سے منایا جائے گا

164

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) آج پاکستان کا 74واں یوم آزادی بھرپور انداز سے منایا جائے گا ، نماز جمعہ کے اجتماعات میں وطن عزیز کے استحکام و سالمیت کے لیے خصوصی دعائیں، جشن آزادی کی تقریبات شروع ہوگئیں، ہرطرف قومی پرچموں وجھنڈیوں کی بہار ہے، اسٹالز پر ہجوم بڑھ گیا، قومی پرچم کے رنگوں پر مشتمل اشیاء کی قیمتوں میں 50 فیصد اضافہ کردیا گیا۔ پاکستان کا 74واں یوم آزادی منانے کے لیے حیدرآباد کے عوام میں جوش و خروش بڑھ گیا ہے اور مختلف کاروباری، سماجی و سیاسی اور نوجوانوں کی تنظیموں کی جانب سے تقریبات شروع کردی ہیں، ہر چوراہے و محلے میں قومی پرچم کشائی کی جارہی ہے۔ دفاتر و عمارتوں پر جھنڈے لہرائے جارہے ہیں کنٹونمنٹ بورڈ حیدرآباد نے اہم شاہراہوں پر قومی پرچم کے رنگ سے رنگی گاڑیاں لگائی ہیں جن پر جشن آزادی مبارک لکھا ہے ان تین پہیوں والی گاڑیوں پر گلدستے اور قریب ہی گھونسلے رکھے گئے ہیں اور درختوں پر خوبصورت ورنگ برنگ پرندوں کے گھونسلے لٹکائے گئے ہیں جہاں خواتین و حضرات اپنے بچوں کو قومی لباس پہنا کر تصاویر اور سیلفیاں بنائی جارہی ہیں۔ سٹی کلاتھ مارکیٹ و جامع کلاتھ مارکیٹ سٹی کالج روڈ کی انجمنوں کی جانب سے آزادی کا کیک کاٹنے کی تقریب ہوئی، جس میں یونین کے صدر یوسف میمن سمیت ہر چھوٹی وبڑی کاروباری یونین کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ حیدرآباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر محمد آصف شیخ نے وکلاء کی جانب سے یوم آزادی کا کیک کاٹا۔ وکلاء نے عدالت کے احاطوں میں قومی پرچم اور جھنڈیاں آویزاں کردیں۔