ملک بھر میں کورونا سے مزید 53 افراد انتقال کرگئے

319

اسلام آباد: پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کی چوتھی لہر جاری ہے اور ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 53 افراد انتقال کر گئے اور 4ہزار 40نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7 اعشاریہ 54 فیصدپر پہنچ گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر میں 53ہزار528 ٹیسٹ کیے گئے تھے جن میں سے چار ہزار 40 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

ملک بھر میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 10 لاکھ 71 ہزار 620 ہو گئی جبکہ کورونا سےاموات کی تعداد 23 ہزار 918 تک جاپہنچی ہے۔

این سی او سی کے مطابق  سندھ میں کورونا کے کیسز کی تعداد 4 لاکھ چار سو، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 48 ہزار 619، پنجاب میں تین لاکھ 64 ہزار 680 تک جا پہنچی ہے جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 90 ہزار 660، بلوچستان میں 31 ہزار 177، آزاد کشمیر میں 27 ہزار 288 اور گلگت بلتستان میں 8 ہزار 796 ہو گئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق  کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 11 ہزار 201 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں ۔

سندھ میں6 ہزار 215، خیبرپختونخوا 4 ہزار 556، اسلام آباد 816، گلگت بلتستان 153، بلوچستان میں 331 اور آزاد کشمیر میں 646 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔