دکاندار ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں، ڈی سی ٹھٹھہ

208

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ غضنفر علی قادری نے لاک ڈاؤن اور ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے ٹھٹھہ شہر اور مکلی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے بیکریز، دودھ، دہی، گوشت، مچھلی، گروسری اور جنرل اسٹور، ہوٹل، ریسٹورنٹس، پیٹرول پمپس اور دیگر دکانوں کے مالکان اور ان کے عملے کے ویکسینیشن کارڈ چیک کیے اور ماسک کا استعمال سمیت سماجی فاصلے کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ٹھٹھہ اور مکلی میں قائم درجنوں دکانوں کو ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے اور ویکسینیشن کارڈ کی عدم موجودگی پر سیل اور جرمانہ عائد کرنے سمیت انہیں گرفتار کرکے ویکسینیشن کے بعد دکانیں کھولنے کا حکم دیا جبکہ کئی دکانداروں کو انتباہ جاری کرتے ہوئے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ اس موقع پر انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر اور مختارکار ٹھٹھہ کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر بازاروں کا دورہ کرکے ویکسینیشن کارڈ، سماجی فاصلے اور ماسک کے استعمال کا جائزہ لیں اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں پر جرمانہ عائد کرنے سمیت دکانیں سیل کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ دکانداروں کو ویکسینیشن اور ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے بعد سیل دکانیں کھولنے کی اجازت دی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے پولیس کو ہدایت کی کہ وہ گاڑیوں میں سفر کرنے والے لوگوں سے ویکسینیشن کارڈ کے بارے میں معلومات لیں، بغیر ویکسین اور ماسک یا سماجی فاصلہ برقرار نہ رکھنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کریں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ٹھٹھہ عبدالغفار شیخ، ڈی ایس پی ٹھٹھہ جمعہ خان پنہور، مختارکار ٹھٹھہ اقتدار رسول بہرانی، توفیق میمن، ریاض شاہ، عزیز میمن اور دیگر بھی موجود تھے۔