محرم میں مذہبی منافرت سے گریز کیا جائے، ایس ایس پی سجاول

263

سجاول (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی سجاول سید امداد علی شاہ کی زیر صدارت ضلع بھر کے تمام مکتب فکر کے رہنماؤں کا اجلاس، محرم الحرام میں ضابطہ اخلاق اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے اور مذہبی ہم آہنگی اور اتحاد ویکجہتی کو فروغ دینے کا عزم، اجلاس میں جمعیت اہلحدیث ضلع سجاول کے امیر حفیظ الرحمن میمن رحمانی، سیرت کمیٹی اور اہلسنت سجاول کے رہنما حافظ ریاض میمن، جے یو آئی سجاول کے مولوی اشرف میمن، جے یو آئی اور شہری امن کمیٹی دڑو کے رہنما مولوی عبدالغفور میمن، ڈی ایس پی سجاول اور سینئر پولیس افسر گل عباس مغل سمیت ضلع بھر کے ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایس ایس پی سجاول سید امداد علی شاہ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران غیر معمولی سیکورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہ اشتعال انگیز تقاریر اور مواد پھیلانے سے گریز کیا جائے۔ مجالس اور جلوسوں کے آغاز و اختتام کے اوقات کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ دل آزار مذہبی منافرت پر مشتمل وال چاکنگ اور پمفلٹس کی تقسیم سے اجتناب کیا جائے۔ شر انگیز مواد پر مشتمل کیسٹ ، وڈیو کی تقسیم اور فروخت کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔